اداکار انور اقبال کون سا دکھ لے کر دنیا سے گئے؟


شمع اور چٹان جیسے پی ٹی وی ڈراموں سے شہرت پانے والے سنجیدہ مگرباوقار آرٹسٹ انور اقبال بلوچ بالآخر کینسر کے باعث چار بیٹیوں کو سوگوار چھوڑ کر ہمیشہ کے لیے دنیا سے چلے گئے۔ انہیں علالت کے دنوں میں اپنی اسپتال میں لی گئی تصاویر سوشل پر وائرل کرنے پر شدید صدمہ ہوا تھا کیونکہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ ان کی بیماری کی حالت میں تصاویر اپنے پرستاروں تک پہنچیں جو کہ ساری زندگی انہیں ایک اچھے روپ میں دیکھتے رہے ہیں۔
اردو اور سندھی زبان کے کئی ڈراموں میں یادگار کردار ادا کرنے والے سینئر اداکار انور اقبال بلوچ یکم جولائی کے روز علالت کے باعث کراچی میں انتقال کرگئے۔ ان کے اہلخانہ کے مطابق وہ کچھ عرصے سے علالت کے باعث کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ اہلخانہ کے مطابق اداکار انہیں دل۔کے عارضے کے علاوہ کینسر کا مرض لاحق تھا جو انکی موت کا باعث بنا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ جون کے اواخر میں سوشل میڈیا سائٹس پر انور اقبال کی ایک تصویر گردش کر رہی ہے جس میں انہیں ہسپتال کے بستر پر دیکھا جا سکتا ہے۔ اس سوشل میڈیا پوسٹس میں کہا گیا تھا کہ اداکار شدید علیل ہیں اور ان کے اہلخانہ نے مداحوں سے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔ ان کے نام سے منسوب فیس بک پیج سے دورانِ علاج بظاہر ان کی اجازت کے بغیر لی گئی تصویر وائرل ہونے پر انور اقبال کی جانب سے برہمی کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔ انہوں نے بیماری والی تصویر وائرل ہونے کے بعد ایک پیغام میں کہا تھا کہ میں اپنے تمام مداحوں، دوستوں اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو میری صحت کے حوالے سے فکرمند ہیں لیکن کچھ لوگوں نے مجھے مایوس کیا ہے۔ پوسٹ میں کہا گیا کہ کچھ لوگوں نے میری اجازت کے بغیر اسپتال میں میری تصاویر لے کر سوشل میڈیا پر وائرل کیں جس سے مجھ سمیت میرے خاندان کی پرائیویسی متاثر ہوئی۔ فیس بک پوسٹ میں کہا گیا کہ یہ انتہائی غیرذمہ دارانہ حرکت ہے جس سے میری فیملی اور مداحوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، انور اقبال کی جانب سے لکھا گیا کہ میں کچھ عرصے سے کافی زیادہ بیمار ہوں اور کراچی کے بہترین ڈاکٹروں سے علاج کروارہا ہوں۔ پیغام میں میڈیا سے ذمے داری کا مظاہرہ کرنے، مداحوں کے جذبات اور اور پرائیویسی کا خیال رکھنے کی درخواست کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ سینئر اداکار انور اقبال نے اردو اور سندھی زبان کے کئی ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے۔ انہوں نے اپنی اداکاری سے ڈراما انڈسٹری میں نام بنایا جبکہ پی ٹی وی کے ٹاپ کلاس ڈراموں ’شمع‘ اور ’آخری چٹان‘ سے بے پناہ شہرت حاصل کی، ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں ماضی میں لاہور کے الحمرا آرٹس کونسل اور فنکاروں کی جانب سے انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا گیا تھا۔
اداکار کے خاندانی ذرائع کے مطابق انور اقبال نے سوگواران میں چار بیٹیاں چھوڑی ہیں جبکہ چند ماہ قبل ان کی اہلیہ کا بھی انتقال ہوگیا تھا۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے سینئر اداکار انور اقبال کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ بہت بڑے فنکار تھے۔ کراچی آرٹس کونسل کی گورننگ باڈی کی جانب سے بھی انور اقبال کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اداکار انور اقبال کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انور اقبال نے اپنی اداکاری کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں اور فن کے شعبے کے لیے ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

Back to top button