اسرائیل، فلسطین تنازع: حماس کی القسام بریگیڈ کے سربراہ محمد ضیف کون ہیں؟

گذشتہ ماہ فلسطینی جنگجوؤں کی ایک ویڈیو ریکارڈنگ میں اسرائیل کو خبردار کیا گیا تھا اور اس میں کہا گیا تھا کہ اسرائیل نے اگر حماس کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو اسے بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔اس ویڈیو پیغام میں محمد ضیف کی آواز تھی جو حماس کے عسکری بازو کے رہنما ہیں۔محمد ضیف اسرائیل کو مطلوب افراد کی فہرست میں اول نمبر پر ہیں۔ انھوں نے سات سال بعد اپنی خاموشی توڑی ہے۔لیکن جب اسرائیل نے حماس کی اس دھمکی پر کان نہیں دھرے تو اسرائیل اور حماس میں گیارہ دن تک شدید لڑائی ہوئی جس کے بعد فریقین کے درمیان جنگ بندی ممکن ہو سکی۔
غزہ کی گنجان آباد پٹی پر گیارہ دن تک اسرائیل کی فضائیہ اور توپ خانے کی بے دریغ بمباری سے اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق 60 سے زیادہ بچوں اور دو درجن سے زیادہ خواتین سمیت 242 فلسطینی ہلاک ہوئے۔ جبکہ اسرائیل پر داغی گئی کئی ہزار راکٹوں سے دو بچوں سمیت 13 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔