اسلام آباد میں فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید، ملزمان فرار

اسلام آباد میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق جمعرات کی رات گشت پر موجود ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں نے آئی جے پی روڈ پر دو مشتبہ موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم ان کے نہ رکنے پر اہلکاروں نے ان کا پیچھا کیا۔
اس دوران موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پیچھا کرنے والے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل بشیر شاہ اور ہیڈ کانسٹیبل اشتیاق شاہ گولیاں لگنے سے شہید ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعات پر انہیں سخت تشویش ہے۔ انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

Back to top button