اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی کرونا وائرس کا شکار

قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر، ان کے بیٹے اور بیٹی کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بتایا کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، میں نے خود کواپنے گھرمیں قرنطینہ کرلیاہے۔
میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ میں نے خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ میری پوری قوم سے درخواست ہے کہ وہ احتیاط کریں۔
دعا کی درخواست ہے۔— Asad Qaiser (@AsadQaiserPTI) April 30, 2020
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پوری قوم سے درخواست ہے کہ احتیاط کریں اور ساتھ ہی میری صحتیابی کیلئے بھی دعا کریں۔
اسد قیصر نے کہا کہ مجھے دو تین دن سے بخار کی علامات تھیں، پہلے بھی ٹیسٹ کرایا تھا جو منفی آیا تھا لیکن آج پھر ٹیسٹ کرایا تو رپورٹ مثبت آئی، ڈاکٹرز نے مجھے گھر پر رہنےاوراحتیاط کی ہدایت کی ہے۔اسد قیصر نے بتایا کہ میرےبیٹےاوربیٹی کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان میں عام شہریوں کے علاوہ سیاسی رہنما اور سرکاری اداروں و محکموں سے وابستہ افراد بھی کورونا وائرس کا شکار ہو رہے ہیں۔دو روز قبل تھرپارکر سے اقلیتوں کی مخصوص نشست پر منتخب رکن سندھ اسمبلی رانا ہمیر سنگھ میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔اسی روز ایوان بالا (سینیٹ) کے آزاد سینیٹر مرزا محمد آفریدی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔سابق فاٹا سے تعلق رکھنے والے مرزا محمد خان آفریدی نے ایک بیان میں کہا کہ وہ گزشتہ ہفتے پشاور گئے تھے، جہاں انہوں نے مختلف علاقوں میں راشن بیگ تقسیم کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ کچھ دن پہلے انہیں بخار اور جسم میں درد محسوس ہوا اور پھر انہوں نے ‘حفاظتی اقدامات’ کے طور پر اپنا ٹیسٹ کروایا، جس کا نتیجہ آج مثبت آگیا۔27 اپریل کو سندھ کے گورنر عمران اسمٰعیل نے بھی خود میں وائرس کی تشخیص ہونے کی تصدیق کی تھی۔
سندھ سے جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالرشید 24 اپریل کو کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔گزشتہ روز ان کے خاندان کے 8 افراد کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا تھا۔سید عبدالرشید لیاری سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس-108 سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔رواں ماہ ہی متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات و دیہی ترقی کامران بنگش بھی کورونا کی وبا کا شکار ہوئے۔
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے وہ پہلے سیاستدان تھے جن میں 23 مارچ کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، تاہم انہوں نے چند روز میں ہی صحتیاب ہوکر اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھال لی تھیں۔

جواب دیں