اعظم خان اور شہزاد اکبرمجھے گرفتار کروانا چاہتے ہیں:ترین

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کے سیاسی ناشتے کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے ناشتے میں خوب دل کی بھڑاس نکالی اور اپنے خلاف ہونے والی انتقامی کاروائی کا خلاصہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف سازش میں وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان شامل ہیں۔اعظم خان اور شہزاد اکبرنے مجھے گرفتار کروانے کا منصوبہ بنایا۔جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ میں نے بیوروکریسی کو فعال بنانے کے لئے سٹریٹجک ریسورس یونٹ بنانے کی تجویز دی تھی۔اعظم خان نے میری تجویز کو اپنے خلاف سازش سمجھ لیا ۔انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی کو کنٹرول کرنے کا متبادل نظام نہیں بننے دیں گے۔اعظم خان سمجھتے ہیں کہ اصلاحاتی نظام آ گیا تو ان کے اختیارات کام ہو جائیں گے۔جہانگیر ترین کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں پانچ رکنی ٹولے نے عمران خان کو مجھ سے دور کیا، واٹس ایپ پر وزیراعظم کو مثبت تجاویز بھجواتا رہا۔عمران خان کو سازش کے تحت تنہا کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان کے ساتھ وفاداری کی لیکن میرے متعلق عمران خان کو گمراہ کیا گیا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جہانگیر ترین نے انتقامی کاروائی بند نہ ہونے پر فارورڈ بلاک بنانے کا عندیہ بھی دیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین لاہور کی ایف آئی اے بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے ، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء غلام بی بی بھروانہ ،راجہ ریاض، نعمان لنگڑیال،نذیر بلوچ ، سلیمان نعیم اور خرم لغاری جہانگیر ترین کے ہمراہ تھے ، جب کہ چودھری افتخار گوندل ،اسلم بھروانہ،طاہر راندوا اور امیر محمد خان بھی جہانگیر ترین کے ساتھ موجود تھے۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا کہ کچھ لوگ جہانگیر ترین کے خلاف سازش کررہے ہیں ، اس پر وزیراعظم عمران خان کو ایکشن لینا چاہیے ، وزیر اعظم عمران خان کے اعتماد کا ووٹ لینے میں اہم کردار جہانگیر ترین کا ہے ، وزیراعظم اپنے بہترین اور جان نثار دوست کے خلاف زیادتی بند کرائیں۔

جواب دیں