نواز شریف کی اپیل کی سماعت کیلئے بنچ تشکیل

اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے العزیزیہ ریفرنس میں سزا کیخلاف درخواست کی سماعت کیلئے بینچ تشکیل دے دیا گیا۔
مذکورہ بینچ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن ختر کیانی پر مشتمل ہوگا جو مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی سزا کے خلاف دائر درخواست کی سماعت 18 ستمبر کو کرے گا۔ العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو سزا سنانے والے جج ارشد ملک کے ویڈیو لیک تنازع کے بعد سے ان کی سزا کے خلاف یہ پہلی سماعت ہے۔
یاد رہے کہ ایک پریس کانفرنس میں ویڈیو دکھاتے ہوئے مریم نواز نے بتایا تھا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے جج نے فیصلے سے متعلق ناصر بٹ کو بتایا کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، فیصلے کے بعد سے میرا ضمیر ملامت کرتا رہا اور رات کو ڈراؤنے خواب آتے۔ ارشد ملک وہی جج ہیں جنہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید بامشقت اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا تھا۔ دوسری جانب جج ارشد ملک نے بیان حلفی میں دعویٰ کیا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی جانب سے انہیں العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں نواز شریف کے حق میں فیصلہ دینے پر مجبور کرنے کے لیے رشوت کی پیشکش اور سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی اور بعد ازاں عہدے سے استعفیٰ دینے پر بھی مجبور کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button