امیدوں پر ’’اوس‘‘ پڑنے کا خدشہ

پی ایس ایل 6کے باقی میچز میں ٹیموں کی امیدوں پر ’’اوس‘‘ پڑنے کا خدشہ ہے جب کہ ڈبل ہیڈر کے دن دوسرے میچ میں گیند پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہوگا۔بدھ کو مقابلوں کا آغاز ہوجائے گا، پاکستان میں قرنطینہ شروع ہونے سے شیڈول جاری ہونے تک غیر یقینی صورتحال کے دوران ذہنی کرب میں مبتلا رہنے والے کرکٹرز اور معاون اسٹاف ارکان کی پوری توجہ اب کرکٹ پر مرکوز ہوگئی ہے۔دوسری جانب رات کو حبس کا سامنا بھی کرنا پڑے گا،عام طور پر یہ موسم یواے ای میں کرکٹ کیلیے سازگار خیال نہیں کیا جاتا،اس دوران میچز شیڈول کرنے کی روایت نہیں مگر کورونا کے سبب پیدا شدہ صورتحال میں پاکستان اور بھارت دونوں کو اپنی لیگز مکمل کرنے کیلیے امارات میں ہی محفوظ پناہ گاہ نظر آئی ہے،پہلی باری پی ایس ایل کی ہے،ابوظبی میں دن بھر کی دھوپ کے بعد رات کو اوس پڑنے لگتی ہے۔کھلاڑیوں کو آئس کٹ پہنے دیکھا گیا ہے، فاسٹ بولرز خاص طور پر اپنی فٹنس کا بہت زیادہ خیال رکھ رہے ہیں، دوسری طرف سخت موسم میں مضبوط حریفوں کا سامنا کرنے کیلیے ٹیموں کی تیاریاں جاری ہیں، شیخ زید اسٹیڈیم میں وارم اپ میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 7 وکٹ سے ہرا دیا۔
ادھر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس سیشن کیا، حسن علی ردھم میں نظر آئے،پیسر ساتھی نوجوان بولرز کی رہنمائی بھی کرتے رہے،فارم کی بحالی کیلیے کوشاں آصف علی نے بھی نیٹ میں طویل سیشن کیا، فہیم اشرف نے بیٹ اور بال دونوں سے اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا سلسلہ جاری رکھا۔