دوسرا ٹیسٹ میچ : انگلینڈ کےخلاف پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کوئی اسپیشلسٹ فاسٹ باؤلر شامل نہیں

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کےلیے پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا۔ پلیئنگ الیون میں 3 اسپیشلسٹ اسپنرز کو شامل کیاگیا ہے اور عامر جمال بطور آل راؤنڈر 11 رکنی ٹیم کا حصہ ہیں تاہم کوئی اسپیشلسٹ فاسٹ باؤلر شامل نہیں ہے

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 15 اکتوبر سے شروع ہوگا، یہ میچ بھی ملتان میں کھیلا جائےگا اور حیران کن طور پر میچ اسی پچ پر ہی کھیلا جائے گا جس پر قومی ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میں عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑاتھا۔

پہلے میچ کی بدترین شکست کےبعد قومی ٹیم کی نو منتخب سلیکشن کمیٹی نے ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ کرتےہوئے بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی،نسیم شاہ، ابرار احمد، سرفراز احمد کو ڈراپ کرتےہوئے 6 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا۔

قومی ٹیم میں شامل 6 نئے کھلاڑیوں میں 4 اسپیشلسٹ اسپنر اور دو بلے باز تھے، دوسرے ٹیسٹ کےلیے 3 اسپنرز اور ایک بلے باز کامران غلام کو پلیئنگ الیون میں شامل کیاگیا۔

قومی ٹیم نے انگلینڈ کےخلاف دوسرے ٹیسٹ کےلیے ٹیم میں 4 تبدیلیاں کیں، بابر اعظم کی جگہ کامران غلام کو موقع دیاگیا ہے اور وہ اسی پوزیشن پر بیٹنگ کریں گے جس پر بابر اعظم کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ ٹیم میں 3 اسپنرز، زاہد محمود، ساجد خان اور نعمان علی کو شامل کیاگیا ہے تاہم خراب کارکردگی کے باوجود صائم ایوب کو ٹیم میں برقرار رکھاگیا ہے۔

بابر اعظم اور شاہین آفریدی کے ستارے گردش میں کیوں آ گئے؟

قومی پلینگ الیون:

شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، صائم ایوب،عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد رضوان، سلمان علی آغا،عامر جمال،نعمان علی، ساجد خان،زاہد محمود

قومی ٹیم کے اسسٹنٹ ہیڈ کوچ اظہر محمود نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ٹیسٹ کے پانچویں روز بھی بال اسپن نہیں ہوا، امید ہےاس بار بال اسپن ہوگا اور کوشش کریں گے پچ کو اپنے حق میں استعمال کریں۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے پچھلی پچ میں بھی کہاتھا کہ بال ٹرن ہونا چاہیے،ہم نے دوسرے ٹیسٹ میں بیس وکٹیں لینی ہےجب کہ اتنی زیادہ تبدیلیاں نہیں کررہے کہ کوئی پریشانی ہو۔

ایک سوال کےجواب میں اظہر محمود کا کہناتھا کہ بابر اعظم ہمارےنمبر ون پلیئر ہیں، آگے بہت کرکٹ ہے اس لیے بابر اعظم کو آرام دیا ہےجب کہ شاہین اور نسیم شاہ کو بھی آرام دینے کا فیصلہ کیاہے۔

Back to top button