ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 50 سے تجاوز کر گئی

ایران میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد50 ہو گئی جبکہ چین سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 26 سو سے تجاوز کر گئی.
چین میں کورونا وائرس سے مزید 150 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ دیگر ممالک میں پراسرار وبا کے باعث ہلاک افراد کی تعداد 70 سے تجاوزگئی ہے۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 409 نئے مریضوں کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 619 تک پہنچ گئی ہے۔ اس طرح کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 77 ہزار 150 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ چین کے علاوہ دیگر ملکوں میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 70 سے تجاوز کرگئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران کورونا وائرس کے کیسز ایران اور جنوبی کوریا میں تیزی سے بڑھے ہیں۔ اس کے علاوہ اردن اور اسرائیل میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ ایران میں کورونا وائرس سے 50 ہلاکتوں کے بعد پاکستان، ترکی اور افغانستان سے ایران سے ملحقہ اپنی سرحدیں آمدورفت کے لیے بند کر دی ہیں۔
ایرانی قانون ساز احمد امیر آبادی نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت کورونا وائرس سے ہلاکتوں کو چھپا رہی ہے۔ دوسری جانب ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی آئی آیل این اے نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے شہر قم میں کورونا وائر س سے ہلاکتوں کی تعداد 50 ہو گئی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایرانی حکام کی جانب بتائی گئی تعداد سے بہت زیادہ ہے۔ ایرانی حکام کی جانب سے اب تک 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
ایرانی شہر قم کے ایک اہلکار کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ 50 افراد تو 13 فروری تک ہی ہلاک ہو گئے تھے، اس وقت قم میں 250 افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ایران نے باقاعدہ طور پر 19 فروری کو کورونا وائرس کی تصدیق کی تھی۔