ایف بی آر نے 60 ہزار جیولرز کا ڈیٹا حاصل کر لیا، ٹیکس نہ دینے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جیولرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت ملک بھر سے 60 ہزار سے زائد جیولرز کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، ان میں سے صرف 21 ہزار جیولرز ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں، جبکہ ان میں بھی صرف 10,524 نے اپنے ٹیکس ریٹرنز جمع کروائے ہیں۔

ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ بیشتر جیولرز اپنی آمدن کم ظاہر کرکے ٹیکس چھپاتے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں پنجاب کے 900 جیولرز کی فہرست تیار کی گئی ہے، جن کا تعلق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان جیسے بڑے شہروں سے ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ کئی جیولرز کا ٹیکس ریٹرن ان کی دکانوں کے سائز، خرید و فروخت، اور رہن سہن کے معیار سے مطابقت نہیں رکھتا، جب کہ ہزاروں تاجر اب بھی ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں۔ ایسے افراد کو نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ وضاحت طلب کی جا سکے۔

ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ تمام شعبوں کو مرحلہ وار ٹیکس نیٹ میں لایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "کسی تاجر یا صنعت کار کو بلاوجہ نوٹس جاری نہیں کیا جائے گا، لیکن ہر شخص کو اپنے حصے کا ٹیکس ایمانداری سے ادا کرنا ہوگا تاکہ ملک کی معیشت بہتر ہو سکے۔”

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!