ای سی سی نے پورٹ قاسم اتھارٹی کیلیے غیر ملکی انجینیئرنگ کنسلٹنٹ کی منظوری دیدی
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پورٹ قاسم اتھارٹی کے لیے غیر ملکی انجینیئرنگ کنسلٹنٹ کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں پورٹ قاسم اتھارٹی کے لیے غیر ملکی انجینیئرنگ کنسلٹنٹ کی تعیناتی کی منظوری دی گئی،غیر ملکی انجینیئرنگ کنسلٹنٹ پورٹ قاسم ماسٹر پلان کی منصوبہ بندی اور اپ گریڈیشن کا جائزہ لےگا۔
ای سی سی نے حکومت آزاد کشمیر کےلیے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی،خیبرپختونخوا کے ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتالوں کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اسپتالوں کے لیے یہ گرانٹ کورونا اور دیگر آفات سے نمٹنے کے لیے ہوگی، سول آرمڈ فورسز کی استعداد بڑھانے کےلیے بھی گرانٹ کی منظوری دی گئی،انٹرنل سیکیورٹی ڈیوٹی الاؤنس کی مد میں 19کروڑ روپےکی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور دی گئی۔ای سی سی نے فرنٹیئرکورکے بقایا جات اور شہداءکے خاندانوں کےلیے 20 کروڑ 41لاکھ کی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی، وزارت دفاع کے ایگزیکٹو محکموں کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی گئی۔اس کے علاوہ پاکستان رینجرز پنجاب کے اخراجات کےلیے تیکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی جب کہ وزارت داخلہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کےلیے فنڈز کی منظوری دی گئی۔