برطانیہ میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کےلیے اضافی پروازیں چلانے کا فیصلہ

برطانیہ میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کےلیے پی آئی اے کا اضافی پروازیں چلانے کا اعلان۔
برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو سفری پابندی کی ‘ریڈ لسٹ’ میں شامل کرنے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے برطانیہ میں مقیم ہزاروں پاکستانیوں کی واپسی کےلیے اضافی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ خان نے بتایا کہ قومی ایئرلائن نے 9 اپریل کی ڈیڈ لائن سے قبل اضافی پروازیں اڑانے کا فیصلہ یا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے تہوار کی چھٹیوں میں ہزاروں افراد پاکستان آئے تھے اور اب ان کی واپسی ایک مشکل عمل بن گئی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ برطانوی حکومت کے اس اقدام کے بعد غیر ملکی ایئرلائنز نے کرایہ 4 لاکھ روپے فی مسافر تک بڑھادیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ پی آئی اے نے 9 اپریل سے قبل اپنی پروازوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے 4 اپریل سے پی آئی اے کی 5 پروازیں برطانیہ کےلیے اڑان بھریں گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز برطانوی حکومت نے پاکستان، بنگلہ دیش، کینیا اور فلپائن کو ریڈ لسٹ میں شامل کرتے ہوئے ان ممالک سے برطانوی یا آئرش شہریوں کے سوا دیگر مسافروں کی آمد پر پابندی عائد کردی تھی۔ اس اقدام سے پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کے رمضان اور عید اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ گزارنے کے منصوبوں پر پانی پھر گیا تھا۔ ایک اور رپورٹ کے مطابق سفری پابندی عائد ہونے کی قیاس آرائیاں مارچ کے اوائل میں سامنے آنا شروع ہوگئی تھیں جب پنجاب اور اسلام آباد میں کورونا وائرس کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کرنے کی ایک وجہ پاکستان سے آنے والے مسافروں کا دوسرے یا آٹھویں روز کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی نمایاں شرح ہے۔ چونکہ برطانیہ کیسز کی تعداد کم ہونے کے بعد 12 اپریل سے ملک گیر لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار ختم کرنے کی تیاری کررہا ہے ایسے میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی میں کورونا کے پھیلاؤ کے امکان کے باعث سفری پابندی عائد کی گئی۔ دوسری جانب برطانیہ واپس جانے والے مسافروں کےلیے حکومت کے منظور شدہ ہوٹلوں میں 10دن قرنطینہ کی لاگت ایک ہزار 750 پاؤنڈز ہے اس کے علاوہ ہر مسافر کو ٹیسٹنگ کےلیے 210 پاؤنڈز بھی ادا کرنے ہوں گے تاہم ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے سے قرنطینہ کا دورانیہ کم نہیں ہوگا۔

جواب دیں