برطانیہ نے فیس بک کے اشتہاری ڈیٹا کے استعمال کی تحقیقات کا آغاز کردیا
یورپی یونین اور برطانیہ نے فیس بک کی جانب سے اشتہار دینے والوں کے ڈیٹا کو غیر مناسب طریقے سے آن لائن مارکیٹ میں غلبہ حاصل کرنے کے لیے استعمال کرنے کے حوالے سے مسابقتی تحقیقات کا آغاز کردیا۔
امریکی سوشل میڈیا ‘بیہی موتھ’ اپنی مارکیٹ پلیس سروس پر کلاسیفائیڈ اشتہارات فروخت کرتا ہے اور ساتھ میں کمرشل اشتہارات سے بھی ڈیٹا جمع کرتا ہے جو اسے غیر منصفانہ فائدہ پہنچا سکتا ہے۔ادارے نے اسے ‘بغیر میرٹ’ کے الزام قرار دیا۔تفتیش کار یہ بھی تحقیقات کریں گے کہ آیا فیس بک کا ون یوزر لاگ ان اس کو اپنے سوشل میڈیا، ڈیٹنگ ایپ اور اشتہاری پلیٹ فارم سے جمع کردہ ڈیٹا کو غیر منصفانہ طور پر استعمال کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
یورپی کمیشن اور برطانیہ کی مسابقتی اور مارکیٹس اتھارٹی (سی ایم اے) کے ذریعے شروع کیے گئے کیسز الگ ہیں لیکن ریگولیٹرز مل کر کام کر رہے ہیں۔
یورپی یونین کے نائب صدر اور مسابقت کے سربراہ مارگریٹ ویسٹ ایگر کا کہنا ہے کہ ‘فیس بک اپنے سوشل نیٹ ورک کے صارفین کی سرگرمیوں پر بہت سا ڈیٹا اکٹھا کرتا ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم اس پر تفصیل سے غور کریں گے کہ آیا یہ ڈیٹا فیس بک کو غیر مسابقتی فائدہ پہنچاتا ہے، خاص طور پر آن لائن کلاسیفائیڈ اشتہارات کے شعبے میں جہاں لوگ ہر روز سامان خریدتے اور فروخت کرتے ہیں اور جہاں فیس بک ایسی کمپنیوں سے مقابلہ کرتا ہے جہاں سے وہ ڈیٹا اکٹھا کرتا ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘آج کی ڈیجیٹل معیشت میں اعداد و شمار کو ان طریقوں سے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے جو مسابقت کو مسخ کرتے ہیں’۔
فیس بک کے ترجمان نے ایک ای میل کے جواب میں کہا کہ ‘ہم تحقیقات میں پوری طرح تعاون جاری رکھیں گے تاکہ یہ ظاہر کیا جاسکے کہ وہ میرٹ کے نہیں ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم فیس بک استعمال کرنے والے لوگوں میں اضافے اور اس کی طلب کو پورا کرنے کے لیے ہمیشہ نئی اور بہتر سروسز تیار کررہے ہیں، ‘مارکیٹ پلیس’ اور ‘ڈیٹنگ’ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ انتخاب پیش کرتے ہیں اور دونوں ہی مصنوعات انتہائی مسابقت پذیر ماحول میں کام کرتی ہیں’۔
مارکیٹ پلیس کے اشتہارات
باضابطہ تحقیقات میں ابتدائی تفتیش کے بعد فیس بک کی مارکیٹ پلیس کلاسیفائیڈ سروسز پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
مارکیٹ پلیس پر اشتہار دینے والی کمپنیوں کو فیس بک کو ڈیٹا فراہم کرنا پڑتا ہے جس کے بارے میں یورپی کمیشن نے کہا ہے کہ اس سے خدشات پیدا ہوتے ہیں فیس بک مقابلہ ختم کر سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ‘فیس بک اپنے حریفوں کی اشتہاری سرگرمیوں سے صارفین کی ترجیحات کے بارے میں صحیح معلومات حاصل کرسکتا ہے اور اس ڈیٹا کو فیس بک مارکیٹ پلیس میں استعمال کرسکتا ہے’۔
تحقیقات کے اختتام کی کوئی آخری تاریخ نہیں ہے، کمیشن کے مطابق اس کی مدت اس معاملے کی پیچیدگی سمیت دیگر عوامل پر منحصر ہے۔برطانیہ نے یورپی یونین سے علیحدگی اختیار کرلی ہے اور تاہم دونوں ریگولیٹرز نے کہا کہ وہ مل کر فیس بک کی تحقیقات کے لیے کام کریں گے۔