بزدار سرکار مینڈک اور کچھووں کی فارمنگ کرے گی

پنچاب کی بزدار سرکار نے محکمہ فشریز کی جانب سے پیش کردہ مینڈک اور کچھووں کی فارمنگ کی تجویز کی حتمی منظوری دینے کے حوالے سے جلد فیصلہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
منظوری کی صورت میں آئندہ برس سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں مینڈک اور کچھوؤں کی فارمنگ شروع کی جاسکے گی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز میاں غلام قادر نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے محکمے نے منصوبے سے متعلق تجاویز صوبائی حکومت کو بھیجی ہیں جن کو سراہا گیا ہے۔ اس وقت پاکستان میں کہیں بھی مینڈک اور کچھوؤں کی فارمنگ نہیں ہورہی، ہمیں میڈیکل کالجوں اور یونیورسٹیز میں تجربات کے لیے ہمیں یا تو وائلڈ سے مینڈک پکڑنا پڑتے ہیں یا پھر کچھ ادارے بیرون ممالک سے درآمد کرتے ہیں، اگر ہم مقامی سطح پر مینڈک اور کچھوؤں کی فارمنگ شروع کرتے ہیں تو اس سے فارمرز کو اچھی قیمت مل سکے گی اور وائلڈ میں موجود مینڈک اور کچھوے بھی بچ جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو تجویز دی گئی ہے کہ فارمنگ کے ذریعے مینڈک اور کچھوے تھائی لینڈ، چین، تائیوان سمیت دیگر ممالک کو ایکسپورٹ کیے جاسکیں گے کیوں کہ بین الاقوامی سطح پر مینڈک اور کچھوے بطور سی فوڈ استعمال ہوتے ہیں اور انتہائی مہنگے داموں بکتے ہیں۔
میاں غلام قادر کے مطابق پاکستان میں بھی بڑی تعداد میں چینی باشندے موجود ہیں جن کی خوراک کے لیے مینڈک اور کچھوے باہر سے منگوانا پڑتے ہیں، کچھووں کی چند اقسام نایاب ہیں جنہیں وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت تحفظ حاصل ہے تاہم فارمنگ کے ذریعے کچھوؤں کی افزائش کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے مینڈک اور کچھووں کی فارمنگ کے حوالے سے یہ بھی بتایا ہے کہ ایک ایکڑ رقبے کے تالاب میں عموما ایک ہزار مچھلی فارمنگ کے لیے چھوڑی جاتی ہے لیکن اس کے برعکس ایک ایکڑ کے تالاب میں 10 ہزار مینڈکوں کی فارمنگ ہوسکتی ہے ان کی فارمنگ کے لیے پانی کا صاف ہونا بھی ضروری نہیں ہے کیونکہ مینڈک آلودہ پانی میں بھی پرورش پاسکتے ہیں وہ آکسیجن لینے کے لیے پانی کی سطح پرآجاتے ہیں۔
فشریز حکام کے مطابق مینڈک ٹھہرے ہوئے پانی میں انڈے دیتے ہیں اور ان کی بریڈنگ ہوتی ہے اس وجہ سے ان کی فارمنگ کے لیے بہت زیادہ مینڈک بھی درکار نہیں ہوں گے چند درجن نر اور مادہ مینڈک سے ہی سیکڑوں مینڈک حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

  • Rating

Back to top button