بشری انصاری اور جنت مرزا کی منہ ماری کیوں ہوئی؟


سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری اور ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا سوشل میڈیا پر آمنے سامنے آگئیں جسکے بعد دونوں کے مابین سوشل میڈیا پر سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ جب بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا اسٹارز کو ‘جاہل’ قرار دیا تو جنت مرزا نے سینئر اداکارہ کو اماں جی کہہ کر مخاطب کیا اور ساتھ ہی تنقید کرنے سے پہلے حقیقت جاننے کا مشورہ بھی دے دیا۔
یاد رہے کہ حال ہی میں ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا کے خلاف مسیحی برادری کے جذبات مجروح کرنے پر ایف آئی اے میں درخواست دائر کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ جنت مرزا کو کرسچن کمیونٹی کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کے لیے گرفتار کیا جائے۔ جنت پر الزام یہ تھا کہ انہوں نے چند روز پہلے اپنے گلے میں ایک ایسی چین پہنی تھی جس پر ایک کراس بنا ہوا تھا اور وہ ان کی ٹانگوں کے درمیان لٹک رہا تھا۔
تاہم ایک ویڈیو بیان میں جنت مرزا نے پورے واقعے سے متعلق تفصیلی بیان دیا جس کے مطابق انہیں پی آر پیکج کے طور پر ایک چین موصول ہوئی تھی جسے انہوں نے پہن کر ٹک ٹاک بنائی۔ جنت مرزا کے بقول انہیں سوشل میڈیا صارفین کے کمنٹس سے اندازہ ہوا کہ اس چین کے ساتھ مسیحیوں کی مقدس علامت ‘صلیب’ منسلک ہے، جس پر انہوں نے سب سے معافی مانگی۔
واضح رہے کہ جنت مرزا نے مذکورہ چین اپنی پتلون پر لگائی ہوئی تھی جس کے خلاف مسیحی برادری کی جانب سے وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سائبر کرائم ونگ میں درخواست دی گئی تھی۔مذکورہ درخواست کی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے لکھا تھا کہ ‘ان جاہل اسٹارز کو نہ اسلام کا پتا نہ کسی اور مذہب کا’۔بعدازاں انہوں نے اپنی یہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی تھی لیکن اس کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
بشریٰ کے اس کمنٹ پر نہ صرف جنت مرزا بلکہ ان کی بہن علیشبہ انجم نے بھی اداکارہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
جنت مرزا نے بشریٰ انصاری کو جواب دیتے ہوئے کہا ’’اماں جی مہربانی کرکے کچھ بھی جانے بغیر کسی کے بارے میں فیصلہ نہ کریں۔ میں آپ کی بہت عزت کرتی ہوں لیکن آپ حقیقت جانے بغیر کسی کو اس طرح بدنام نہیں کرسکتیں۔ اسلام کی بات آپ کیسے کرسکتی ہیں آنٹی آپ کوئی تبلیغی جماعت نہیں چلارہیں۔جنت مرزا نے مزید لکھا آپ بھی گانا گاتی ہیں ڈانس کرتی ہیں ایوارڈ شوز پر ڈانس پرفارمنس آپ نے کیے، لیکن آج دوسروں پر تنقید واہ؟ آج احساس ہوا واقعی آپ کے پاس دل نہیں ہے۔ میں بس اتنا کہوں گی کسی پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں ضرور جھانکیں۔ وقت نکال کر پہلے حقیقت جانئے پھر تنقید کیجئے گا۔ اللہ خوش رکھے آپ کو اماں جی۔‘‘
دوسری جانب اس صورتحال پر جنت مرزا کی بہن علیشبہ انجم نے انتہائی سخت الفاظ میں بشریٰ انصاری کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بشریٰ انصاری آپ اسلام کی بات نہیں کریں کیوں کہ اسلام میں اداکاری، گلوکاری اور رقص کی اجازت نہیں ہے’۔ اس نے مزید لکھا کہ اسلام میں 70 سال کی بوڑھی عورت کو آخری عمر میں اپنا پہلا شوہر چھوڑ کر نوجوان شوہر کرلینا بھی زیب نہیں دیتا۔ علیشبہ کا کہنا تھا کہ جنت سے غلطی ہوئی ہے اور اس نے معافی بھی مانگی ہے، جن افراد کا دل دکھا انہوں نے جنت کو معاف کردیا، قصہ وہاں پر ختم ہوگیا۔ لیکن بشریٰ انصاری کی تسلی نہیں ہوئی رہی۔ آپ اس طرح کی زبان استعمال کررہی ہو اور اوپر سے ہمیں کہہ رہی ہو کہ آپ کو اسلام کا نہیں پتہ۔ اس نے کہا کہ ہم بڑے گنہگار ہیں ہم گانوں پر ٹک ٹاک بناتے ہیں۔ لیکن گانے گانا، اداکاری کرنا اور ڈراموں اور فلموں میں آنے اور اپنا آپ دکھانے کا۔کام کون کرتا ہے۔ اسلام میں عورتوں کے لیے پردے کا حکم ہے تو آپ پردہ کیوں نہیں کرتیں۔ اداکاری کرنا بند کرو، گانے نہ گاؤ یہ سب بند کرکے آپ گھر میں بیٹھو۔‘‘ کیونکہ اسلام میں گانے اور اداکاری کی اجازت نہیں ہے۔ تاہم بشریٰ انصاری نے ابھی تک ان باتوں کا جواب نہیں دیا۔

Back to top button