بنوں: سیکیورٹی فورسز کاآپریشن، 8خارجی ہلاک،میجرسمیت 3اہلکارشہید

سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کےضلع بنوں میں خفیہ اطلاع پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک اور7 کو زخمی کردیا ۔ میجرسمیت 3اہلکارشہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بنوں کے علاقے بکا خیل میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک اور 7 کو زخمی کردیا۔جب کہ بلوچستان کے ضلع ژوب میں بھی ایک خارجی ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں میجر عاطف خلیل بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے ، شہید میجر عاطف خلیل کا تعلق ضلع سدھنوتی، آزاد کشمیر سے تھا۔
ترجمان کے مطابق میجر عاطف خلیل شہید کی عمر 31سال ہے،انہوں نے 8سال سے زائد عرصے تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا، میجرعاطف خلیل شہید کےسوگواران میں والدین، بہن بھائی، اہلیہ اورایک بیٹی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر نےکہا کہ آپریشن میں2 جوانوں ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے نائیک آزاد اللہ اور ضلع لیہ سے تعلق رکھنے والےلانس نائیک غضنفر عباس نے جان کا نذرانہ پیش کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی پرکلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کےخاتمے کے لیےپرعزم ہیں اور شہدا کی قربانیاں ہمارےحوصلے بلند کرتی ہیں۔اس کےعلاوہ سیکیورٹی فورسز نے 29 اور 30 اکتوبر کی درمیانی شب ژوب کے جنرل ایریا سمبازا میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اور خارجیوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک خارجی مارا گیا اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خوارج سےبڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جبکہ علاقے کو خوارج سے پاک کرنےکے لیےآپریشن جاری ہے۔