بھارتی حملے میں شہید7سالہ بچے کی نمازجنازہ اداکردی گئی

بھارتی حملے میں شہیدلیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس توری کے 7 سالہ بیٹے ارتضیٰ عباس طوری کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، صدرمملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہبازشریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے علاقے دوارندی میں بلا اشتعال بھارتی سرحدی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس طوری کے سات سالہ بیٹے ارتضیٰ عباس طوری کی نماز جنازہ آج اسلام آباد میں نہایت وقار کے ساتھ ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں  نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کے علاوہ حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران، سرکاری و سول حکام، جوانوں اور شہید کے رشتہ داروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد وزیراعظم نے بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا بزدلی کا ایک قابل مذمت فعل ہے۔

شہبازشریف نےزور دیا کہ اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ کارروائیاں بھارتی حکومت کی جارحانہ اور متکبرانہ ذہنیت کی عکاسی کرتی ہیں، جو علاقائی اور عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔

صدر اور وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج تمام محاذوں پر بھارتی افواج کا پامردی سے مقابلہ کر رہی ہیں اور ایک مضبوط اور غیر سمجھوتہ کرنے والا جواب دے رہی ہیں۔

Back to top button