بھارتی ڈیزائنر کی پاکستان میں شوٹنگ پر ماریہ بی برہم

بھارتی ڈیزائنر ‘ابھینو مشرا’ نے حال ہی میں لاہور میں عروسی ملبوسات کے حوالے سے شوٹنگ کی جس کے کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہے ہیں۔فیشن انڈسٹری سے منسلک معروف ڈیزائنر ماریہ بی نے اس حوالے سے ناراضی کا اظہار کیا اور انسٹاگرام اسٹوری پر وزیراعظم پاکستان سمیت لوگوں کی توجہ اس جانب مرکوز کروائی۔
ماریہ نے ویڈیو کلپ پوسٹ کی اور حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ‘یہ انڈین ڈیزائنر کی شوٹ ہے جو پاکستان میں ہورہی ہے’۔ماریہ نے سوال کیا کہ ‘اگر یہ پاکستان میں ہوسکتی ہے تو ہمیں اس بات کی اجازت کیوں نہیں کہ ہم بھی اپنا شوٹ بھارت میں کرسکیں؟’انہوں نے سوال پوچھتے ہوئے کہا کہ ‘کیا ہمیں ایک انڈسٹری کی حیثیت سے اسی طرح کا ردعمل ظاہر نہیں کرنا چاہیے جس طرح بھارت اپنے ملک میں ہمارے ڈیزائنرز اور تخلیق کاروں کے ساتھ کرتا ہے’؟ماریہ نے کہا کہ ’ہمارے وزیراعظم کا کشمیر سے متعلق اس سب کو دیکھتے ہوئے کیا ہدایت نامہ ہے‘؟
وائرل ویڈیوز میں جہاں شوبز انڈسٹری سے جڑی شخصیات اس شوٹ پر تعجب کا اظہار کررہی ہیں وہیں مداح بھی خاصے ناراض دکھائی دے رہے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں کہ فوری طور پر بھارت کی جانب سے شوبز انڈسٹری میں کیے جانے والے ہر کام پر پابندی لگائی جائے’۔
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پاک بھارت کشیدگی کے بعد بھارت میں پاکستانی فنکاروں کو کام کرنے سے روک دیا گیا تھا اور ہندو انتہا پسند تنظیموں نے بھی پاکستانی فنکاروں کے بھارت آنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔

Back to top button