بین سٹوکس غیر معینہ مدت کیلئے کرکٹ سے دستبردار

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راوئنڈر بین سٹوکس نے غیر معینہ مدت کیلئے ہر قسم کی کرکٹ سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیاہے ۔تفصیلات کے مطابق بین سٹوکس نے اپنے فیصلے سے متعلق کہا ہے کہ میری توجہ ذہنی تندرستی اور انگلی کی انجری سے صحت یابی پر ہے ، انگلش کرکٹ بورڈ نے بین سٹوکس کی بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے عدم دستیابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ بین سٹوکس کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں ، ان کو مکمل مدد فراہم کرتے رہیں گے ۔
واضح رہے کہ 14 جولائی 2019 کو لارڈز کے میدان میں ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں بین سٹوکس کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا ،انہوں نے انگلینڈ کو عالمی چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا ۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم جس وقت انگلینڈ کے دورے پر تھی تو انگلش کھلاڑیوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی جس پر ٹیم کو تبدیل کر دیا گیا اور کھلاڑیوں کو قرنطینہ کروایا گیا ، چونکہ سیریز ضروری تھی جس پر انگلش نے اپنی نئی ٹیم کا اعلان کیا جس کی قیادت بین سٹوکس نے کی اور پاکستان کو وائٹ واش کر دیا ۔