بیٹی کے اکاؤنٹ سے 52 لاکھ نکلوانے پر جاوید ہاشمیFBR پر برہم
ایف بی آر نے جاوید ہاشمی کی بیٹی امینہ ہاشمی کے اکاؤنٹ سے 52 لاکھ نکلوا لیے۔سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے بیٹی کے اکاؤنٹ سے 52 لاکھ روپے نکلوانے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسے تمام ہتھکنڈوں سے مجھے توڑنے کی کوشس کی جا رہی ہے۔ عدالتی حکم امتناعی کے باوجود ایف بی آر نے یہ رقم جبری طور پر اکاؤنٹ سے نکلوائی۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کے کہنے پر میری بیٹی کے اکاؤنٹ سے پیسے نکالے گئے۔ بغیر اطلاع ایف بی آر کی اس کارروائی پر سیاسی، سماجی ودیگر حلقوں با لخصوص کاروباری حلقوں میں عدم تحفظ کا اظہار پایا جاتا ہے، میری بیٹی نے 40 سال پرانا پلاٹ بیچ کر پیسے بنک میں جمع کروائے۔
جاوید ہاشمی نے بتایا کہ بیٹی میرے لئے گاڑی لینا چاہتی تھی، بیٹی پر ٹیکس نہیں بنتا۔ جو ٹیکس نوٹس بھیجا گیا اس کی تاریخ 15 جون تک تھی۔ مجھے معاشی طور پر کمزور کیا جا رہا ہے۔ ہائیکورٹ کا حکم ہے کہ کسی کے اکاؤنٹ سے پیسے نہیں نکالے جا سکتے۔ حکومت نے توہین عدالت کی۔ توہین عدالت اور پیسوں کی واپسی کے لئے کورٹ جاؤں گا۔
جبری طورپررقم نکلوانے پر امینہ ہاشمی نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ میرا ذاتی مسئلہ نہیں بلکہ پوری قوم کی توہین ہے.
قبل ازیں سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسٹیٹ بینک عوام کی جیب ہوتی ہے جسے آئی ایم ایف کے حوالے کیا جا رہا ہے ،ملک میں مہنگائی کا سیلاب آئے گا، لوگ خود کشیوں پر مجبور ہوں گے جب کہ عمران خان فقیر بادشاہ بنے ہوئے ہیں ،محترمہ بے نظیر بھٹو کو ڈیلنگ نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا لیکن انہوں نے یہ زہریلا گھونٹ پیا جس سے ان کی پارٹی کی سیاسی موت ہوئی اور وہ سندھ تک محدود ہو کر رہ گئی ،زرداری ا س بات کا ادراک کریں حالات اب بھی ویسے ہی ہیں ، پی ٹی آئی حکومت بلدیاتی اداروں کے حق میں نہیں ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ نئے قومی الیکشن کروائے جائیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار جہانیاں کی سیاسی و سماجی شخصیات سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا تھا ، اس موقع پر چوہدری خلیل احمد گھمن،عابد خان پاندہ،حسنین اکرم جوگی،محمد عارف سعید ،قاسم ہاشمی بھی موجود تھے ، مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ مجھے پتہ ہے جیلوں کے اندر کیا ہوتا ہے یہ ظالم لوگ جوکچھ کرتےہیں وہ میں بتا سکتا ہوں کیونکہ میرے ساتھ کیا ہے۔ انہوں نےجسمانی طورپرمجھے جتنا تشدد کیا ہےانہوں نےآنکھوں پہ پٹیاں باندھ کردیواروں کےساتھ میرےسرٹکرائے۔میری پوری چمڑی اتاردی تھی انہوں نے یہ سب کچھ فوجیوں کے دورمیں ہوا ہے۔