تابش ہاشمی کی اہلیہ، بہنوں کو ریپ کی دھمکیاں کیوں ملیں؟

معروف کامیڈین، میزبان تابش ہاشمی نے انکشاف کیا ہے کہ مجھے اپنی شہرت کی وجہ سے کافی گالیاں سننا پڑتی ہیں یہاں تک کہ اہلیہ اور بہنوں تک کو ریپ کی دھمکیاں دی گئیں۔حال ہی میں تابش ہاشمی نے یوٹیوبر دانیال شیخ کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے بتایا کہ کس طرح لوگ اُن کے گھر کی خواتین کو خطرناک دھمکیاں دیتے ہیں، مجھے میری شہرت کی وجہ سے بہت گالیاں سُننی پڑتی ہیں، میں لوگوں کی گالیاں، نفرت انگیز جملے برداشت کرلیتا ہوں لیکن جب میرے گھر کی خواتین کے بارے میں کچھ کہا جاتا ہے تو وہ برداشت نہیں ہوتا۔اُنہوں نے کہا کہ لوگوں کو مجھ سے مسئلہ ہے تو جتنا مرضی مجھے بُرا بھلا کہہ لیں لیکن وہ میری اہلیہ، بچوں اور بہنوں کو ریپ کی دھمکیاں دیتے ہیں، جو میرے لیے ناقابلِ برداشت ہے، مجھے حیرت ہوتی ہے کہ ہمارے معاشرے میں اس طرح کے گھٹیا لوگ بھی رہتے ہیں جو میرے گھر کی خواتین کو ریپ کی دھمکیاں دے کر مجھے تہذیب سیکھا رہے ہیں۔تابش ہاشمی نے مزید کہا کہ جب لوگ مجھے گالی دیتے ہیں تو میں نظر انداز کردیتا ہوں لیکن ایک لڑکے نے میری اہلیہ اور بہنوں کو ریپ کی دھمکیاں دیں تو میں اُس کے گھر پہنچ گیا تھا لیکن میں نے وہاں جا کر اُس لڑکے کو کچھ نہیں کہا کیونکہ وہ طالب علم تھا۔واضح رہے کہ آن لائن کامیڈی شو ’’ٹو بی آنیسٹ‘‘ سے مشہور ہونے والے معروف کامیڈین و میزبان تابش ہاشمی ان دنوں نجی ٹی وی چینل سے ایک کامیڈی شو ’’ہنسنا منع ہے‘‘ کر رہے ہیں، وہ اپنے شو میں شرکت کے لیے زیادہ معاوضہ مانگنے والے فنکاروں سے متعلق اکثر بات کرتے رہتے ہیں، انکشاف کیا کہ ایک مرتبہ ایک فنکار نے ان سے شو میں شرکت کے لیے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کر دیا جبکہ ایک فنکار نے ڈالرز میں پیمنٹ کا تقاضہ کیا۔

Back to top button