ترجمان دفتر خارجہ کی امریکی صدر کے دورہ پاکستان کی تردید

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ پاکستان کا امکان نہیں۔ امریکی صدر کے دورہ بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستان کے دورے کی خبریں درست نہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دو روزہ دورے پر بھارت پہنچنے کے بعد خبریں زیر گردش تھیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھارت کے دورے کے بعد اسلام آباد کا دورہ بھی کر سکتے ہیں۔تاہم اب ترجمان دفتر خارجہ نے ایسی تمام خبروں کی تردید کر دی ہے.
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اہلیہ کے ہمراہ بھارت کے دو روزہ دورے پر بھارت پہنچ گئے ہیں۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے احمدآباد ائیرپورٹ پرامریکی صدر ٹرمپ کا استقبال کیا۔بعدازاں امریکی صدر ،خاتون اول اور بھارتی وزیراعظم کے ہمراہ احمد آباد کے سیڈیم میں پہنچے جہاں لاکھوں بھارتی افراد ڈونلڈ ٹرمپ کا خطاب سننے کے لیے موجود تھے۔
امریکی صدر نے بھارت آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنی تقریر میں پاکستان کا بھی تذکرہ کیا۔احمد آباد میں صدر ٹرمپ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ ہم پر امید ہیں کہ مستقبل میں تمام جنوبی ایشیا میں بھارت مسائل حل کرنے اور امن پیدا کرنے میں قیادت کرے گا۔ امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششیں کی۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدمات قابل تعریف ہیں۔