جنرل رانی کا نواسہ فوج کا پہلا ملٹری ریلئیٹی شو کرے گا
عام طور پر اگر ریئلٹی شو کی بات کی جائے تو ہمارے ذہن میں میوزک یا کوئی گیم شو ہی آتا ہے، لیکن اب پاکستانی فوج خود ایک ملٹری ریئلٹی شو پیش کرنے جا رہی ہے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کا پہلا ‘ملٹری ریئلٹی شو’ پاکستان ٹیلی ویژن اور نجی ٹی وی چینل ‘ہم ٹی وی’ سے بہ یک وقت نشر کیا جائے گا۔ اس بارے آئی ایس پی آر نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ‘ملٹری ریئلٹی شو’ کے تین ٹیزرز بھی جاری کیے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ اس ملٹری رئیلیٹی شو کی میزبانی اقلیم اختر عرف جنرل رانی کے نواسے اور بھارت منتقل ہو جانے والی معروف پاکستانی صحافی عروسہ عالم کے صاحبزادے فخر عالم کریں گے۔
بتایا گیا ہے کہ اس شو کو ’60 آورز ٹو گلوری: دی ملٹری رئیلٹی شو’ کا نام دیا گیا ہے۔ تاہم، یہ واضح نہیں ہے کہ ‘ملٹری رئیلٹی شو’ کب نشر کیا جائے گا۔ اس حوالے سے آئی ایس پی آر نے ابھی کسی حتمی تاریخ کا اعلان بھی نہیں کیا۔ یاد رہے کہ ریئلٹی شو دراصل ٹیلی ویژن پر نشر کیے جانے والے پروگرام کی ایک قسم ہے جو حقیقی کرداروں پر مبنی ہوتا ہے اور اس کا مقصد لوگوں کو تفریح اور معلومات فراہم کرنا ہوتا ہے۔ آئی ایس پی آر کی انسٹاگرام پوسٹ کے مطابق ملٹری ریئلٹی شو میں پاکستانی فوج کی سخت ترین ٹریننگ دکھائی جائے گی۔ ’60 آورز آف گلوری، ملٹری ریئلٹی شو’ 25 اقساط پر مشتمل ہو گا۔ آئی ایس پی آر کی پوسٹ کے مطابق ملٹری شو کو ڈیزائن کرنے کا مقصد انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ سنسنی خیز اور ایڈونچر سے بھرپور مواد تخلیق کرنا ہے۔ دوسری جانب اس شو میں نوجوان اور ایڈوینچر کے شوقین افراد کو مائل کرنے کے لیے سوال و جواب کا سیشن بھی ہو گا۔
شو کی اقساط کے دوران ناظرین سے مقابلے سے متعلق آسان سوالات بھی پوچھے جائیں گے اور درست جواب دینے والے شخص کو پاکستان فوج کے سنسنی اور ایڈونچر سے بھرپور ‘بوٹ کیمپس’ میں جانے اور حصہ لینے کا موقع ملے گا جہاں ملٹری ٹریننگ کی جاتی ہے۔ریئلٹی شو کے حوالے سے اداکار ہمایوں سعید کی جانب سے بھی ایک ٹوئٹ کی گئی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ "وہ حقیقی ہیروز کو ایکشن میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔”
اداکار فیصل قریشی نے بھی اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ "مجھے حقیقی ہیروز کو ایکشن میں دیکھنے کا انتظار ہے۔” علاوہ ازیں، اداکار اعجاز اسلم نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ وہ اس ریئلٹی شو کے لیے بے حد پُر جوش ہیں۔
یاد رہے کہ آئی ایس پی آر کی جانب سے ہر سال یومِ آزادی، یومِ یکجہتی کشمیر اور دیگر خصوصی ایام کی مناسبت سے نغمے جاری کیے جاتے ہیں۔ ان نغموں میں ایک قوم ایک منزل، کشمیر ہوں میں، پاکستان زندہ باد، مجھے دشمن کے بچوں کو پڑھانا ہے شامل ہیں۔نغموں کے علاوہ آئی ایس پی آر کی پروڈکشن میں متعدد ڈرامے بھی بنے ہیں جن میں عہدِ وفا، الفا براوو چارلی، فصیلِ جاں سے آگے اور اجالے سے پہلے شامل ہیں۔ اسی طرح آئی ایس پی آر کی جانب سے ماضی میں کئی دستاویزی فلمیں بھی پیش کی گئی ہیں۔ ان میں چراغِ راہ، سرفروش، اسٹوری آف پاکستان، واہگہ بارڈر نمایاں ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پاک فوج کا یہ ملٹری شو کب شروع ہوتا ہے اور کتنا کامیاب ثابت ہوتا ہے؟