جی ہاں! یہ حیرت انگیز شاہکار لکڑی سے تراشے گئے ہیں

ذرا غور سے دیکھیں کہ کیا یہ شاہکار دھات سے بنے ہیں یا پلاسٹک سے کاڑھے گئے ہیں؟
ہرگزنہیں کیونکہ یہ جاپانی فنکار ٹورو فوکوڈا نے انتہائی نفاست سے لکڑی پرکاڑھے ہیں اوراس کے لیے انہوں نے ایک بالکل نیا طریقہ اختیار کیا ہے۔ٹوروفوکوڈا نے اپنی محنت اورغوروفکر سے ’سہ جہتی لکڑی کی کشیدہ کاری‘ کے لئے ایک بالکل نیا طریقہ وضع کیا ہے جس کی بدولت وہ حقیقت سے قریب ترحشرات، پھول اوردیگر اشیا تراشتے ہیں جس کے لیے سخت صبر اور محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔ان کی سب سے حیرت انگیز تخلیق لکڑی کا ایک ٹکڑا ہے جس پر پانی کے قطرے کا گمان ہوتا ہے اور وہ حقیقت سے قریب تر دکھائی دیتا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے نہایت باریکی سے تتلیاں، بھنوروں اور دیگر حشرات کو تراشا ہے۔ ٹورو فوکوڈا جاپان کے ایک چھوٹے سے دیہات میں رہتے ہیں۔ پوری دنیا میں ان کے ہزاروں لاکھوں مداح ہیں اور جب جب وہ اپنی نئی تخلیقات کی تصاویر پوسٹ کرتے ہیں لوگ انگشتِ بدنداں رہ جاتے ہیں۔
ٹویٹر پر فوکوڈا کی ایک تصویر پر لاکھوں لائکس دیکھے جاسکتے ہیں۔ جس میں سب سے زیادہ لکڑی پر پانی والی تصویر کو سراہا گیا ہے۔ جب ان سے پانی کے حقیقی تاثر کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ پہلے انہوں نے گہرے چاکلیٹی رنگ کا ایک ہموار ٹکڑا لیا۔ اس لکڑی کے ٹکڑے کو ڈیڑھ ملی میٹر تک چھیلا گیا اور پانی کے قطرے تراشے۔ اس کے بعد اطراف کو ریگ مال سے ہموار کیا۔ پھر قطرے نما ابھار کو موم سے پالش کرکے چمکایا گیا ۔
اس کے علاوہ وہ حقیقت سے قریب تر تتلیاں تراشتے ہیں جس کے بعد انہیں دنیا بھر سے داد ملی ہے۔ فوڈوکا کو حشرات الارض سے بہت لگاؤ ہے۔ ان کے اسٹوڈیو میں جگہ جگہ بھنوروں، مکھیوں، پتنگوں، ٹڈوں اور تتلیوں کے تراشیدے مجسمے رکھے ہیں۔ ان میں سے اکثر پر کوئی رنگ نہیں کیا گیا ہے بلکہ تراش کر صرف پالش کی گئی ہے۔
ٹوروفوڈوکا کہتے ہیں کہ وہ لکڑی سے تھری ڈی اشیا تراشنے کے ایک بالکل نئے طریقے کے موجد ہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے جاپان کے روایتی لکڑی سازی کے علم ، موکوزوگان کو آگے بڑھاتے ہوئے انہیں تھری ڈی سطح تک پہنچایا ہے۔ اس سے تراشیدہ اجسام بہت حد تک حقیقی دکھائی دیتے ہیں۔

Back to top button