کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا خوف، خانہ کعبہ پہلی دفعہ بند

موذی کورونا وائرس اس قدر خطرناک صورتحال اختیار کر گیا ہے کہ حالیہ اسلامی تاریخ میں پہلی مرتبہ مسلمانوں کے مقدس ترین مقام خانہ کعبہ میں طواف کی جگہ مطاف کو عارضی طور پر بند کرنا پڑ گیا ، تاہم پہلی منزل پر زائرین کو طواف کی مکمل اجازت ہے۔
اس کے علاوہ نماز عشا کے ایک گھنٹے بعد سے نماز فجر سے ایک گھنٹہ قبل تک مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں بھی داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ نماز عشا کے بعد صبح فجر سے قبل تک مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں مختلف سپرے کر کے خوب صفائی کی جاتی ہے جس کے بعد نمازیوں کو اس میں داخل ہونے کی اجازت ملتی ہے ۔
اس حوالے سے سعودی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مسجدالحرام میں داخلے پر پابندی کامقصد مقدس مقامات میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے ، نائب وزیر حج وعمرہ کا کہنا تھا کہ ہجوم میں وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ زیادہ ہونے کی بنا پر مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں داخلے کی پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عمرہ عارضی طور پر سعودی شہریوں سمیت تمام افراد کیلئے بند کیا گیا ہے ، مسجد الحرام میں طواف چھت اور برآمدے میں جاری رہ سکے گا تاہم خانہ کعبہ سے ملحقہ صحن میں مکمل پابندی ہوگی ، احرام کی حالت میں بھی داخلہ ممنوع ہوگا۔سعودی پریس ایجنسی کا کہنا تھا کہ مسجد نبویﷺ کا پرانا حصہ بمعہ ریاض الجنہ اور روضہ شریف بند رہیں گے ، حرمین شریفین میں کھانے ، پینے کی اشیا اور دستر خوان پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
اس سے قبل سعودی حکام نے سوشل میڈیا پر مسجد الحرام کے صحن کی وائرل ہونے والی ویڈیوز پر وضاحتی بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ مطاف کو صفائی اور حفاظتی تدابیر کی وجہ سے خالی کرایا گیا، محکمہ صحت کے عملے نے کعبۃ اللہ کے صحن میں کورونا وائرس کے درپیش خطرات کے پیش نظر صفائی اور جراثیم کش اسپرے کیا۔ واضح رہے سعودی عرب میں اب تک پانچ افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔
سعودی حکام کا کہنا تھا کہ ’عمرے پر پابندی کا فیصلہ اسلامی اور انسانی تقاضوں کے عین مطابق ہے۔ یہ حکیمانہ فیصلہ ہے۔ اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے خانہ کعبہ کے اطراف کا صحن اور صفا و مروہ کے درمیان سعی والا حصہ زائرین کو نئے کورونا وائرس کے مہلک اثرات سے بچانے کی خاطر بند کیا گیا۔‘
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی انتظامیہ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ’ یہ فیصلہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے دونوں مقدس مساجد کی مسلسل صفائی اورفرض نمازوں سے خارج اوقات میں انہیں جراثیم سے پاک صاف رکھنے کی ضرورت کے پیش نظر کیا گیا۔‘
انتظامیہ کے عہدیدار نے مزید بتایا تھا کہ ’جب تک عمرہ بند رہے گا تب تک خانہ کعبہ کے اطراف طواف والا صحن اور صفا و مروہ کے درمیان سعی والا حصہ بھی بند رکھا جائے گا۔ عمرے پر پابندی کے دوران نمازیں صرف مسجد کے اندر ہوں گی۔‘ انتظامیہ کے عہدیدار نے توجہ دلائی کہ ’سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے عمرے پر پابندی کا فیصلہ مکہ مکرمہ شہر کے تمام باشندوں پربھی لاگو ہوگا۔ کسی بھی احرام پوش کو مسجد الحرام اور اس کے اطراف صحنوں میں داخل ہونے کی اجازت کسی بھی حالت میں نہیں دی جائے گی۔‘
