خیبرپختون خوا میں تمام تفریحی مقامات کھولنے کے احکامات جاری

صوبائی حکومت نے کورونا ایس اوپیز کے تحت واٹر پارکس, سوئمنگ پول اور تفریحی پارک کھولنے کے احکامات جاری کردیے۔
خیبرپختون خوا حکومت نے صوبے کے تمام واٹر پارکس، سوئمنگ پول اور تفریحی پارک کھولنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں، تاہم تمام تفریحی مقامات پر گنجاش کے مطابق 50 فیصد افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی، اس حوالے سے صوبائی محکمہ داخلہ نے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق تفریحی مقامات پر انڈور کھانے پینے کی اجازت نہیں ہوگی، فوڈ کارنرز بھی بند رہیں گے، سوئمنگ پولز کی باقاعدگی کے ساتھ کلورینیشن کی جائے گی، تفریحی پارکوں کے داخلی وخارجی راستوں اور پارکس کے اندر کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عمل کیا جائے۔ اعلامیہ میں تنبیہ کی گئی ہے کہ پولیس اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرائے گی، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔