راولپنڈی میں کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کے 15 کیسز سامنے آگئے
ڈویژنل کمشنر سید گلزار حسین شاہ نے بتایا ہےکہ ضلع راولپنڈی میں کووڈ 19 کے ڈیلٹا قسم کے 15 کیسز کی تشخیص ہوئی ہے۔
انہوں نے ہیلتھ اتھارٹی سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مطالبہ کیا اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ اس وائرس کے مزید پھیلاؤ سے بچنے کے لیے جلد از جلد خود کو ویکسین لگوائیں۔
انہوں نے کورونا صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں کہا کہ ’تمام سرکاری ملازمین 15 جولائی تک اپنی ویکسین کا سرٹیفکیٹ پیش کریں بصورت دیگر ان کی تنخواہوں کو روک دیا جائے گا‘۔
دوسری جانب محکمہ صحت نے راولپنڈی ضلع کے 10 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز دی جہاں سے ڈیلٹا کے کیسز سامنے آئے ہیں۔
ان علاقوں میں مصریال روڈ، اڈیالہ روڈ، ٹینچ بھٹہ، گلشن آباد، ڈھوک کشمیری، امر پورہ، خیابانِ سرسید، ڈھوک دلال اور جلالہ روڈ، ٹیکسلا شامل ہیں۔
تاہم ضلعی انتظامیہ نے ابھی تک صوبائی صحت حکام کی تجویز کے مطابق کارروائی کرنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔
دریں اثنا دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے دو افراد سمیت اس وائرس سے تین افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 75 کے قریب لوگوں کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا اور 13 مریضوں کو صحتیابی کے بعد ہسپتالوں سے فارغ کردیا گیا۔
گوجر خان کی رہائشی 52 سالہ نگہت شاہین کو 7 جولائی کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (پمز) لایا گیا تھا جہاں وہ دم توڑ گئیں۔
ضلع میں 348 فعال کیسز ہیں، ہسپتالوں میں 92 اور گھر پر آئی سولیشن میں 253 ہیں۔
نئے مریضوں میں سے 11 کینٹونمنٹ سے، پوٹوہار ٹاؤن سے 34، راول ٹاؤن سے 15، کہوٹہ اور ٹیکسلا سے 4،4، گوجر خان، مری، اسلام آباد سے 2، 2 اور کے پی سے ایک مریض سامنے آئے ہیں۔
نئے مریضوں میں سے 9 مریضوں کو ہولی فیملی ہسپتال، 7 کو بینظیر بھٹو اسپتال (بی بی ایچ) میں، 13 کو راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی (آرآئی یو) میں اور 9 کو فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال (ایف ایف ایچ) میں داخل کیا گیا۔
اس کے علاوہ وینٹیلیٹر پر ایک مریض ہے، 26 آکسیجن پر ہیں اور 11 کی صحت مستحکم ہے۔
اسلام آباد
گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت میں 3.4 فیصد کی مثبت کیسز شرح کے ساتھ 104 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 859 ٹیسٹ کیے گئے اور 59 مرد اور 45 خواتین کے نتیجے مثبت آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ 30 سے 29 سال کی عمر کے گروپس میں 25 کیسز رپورٹ ہوئے، اس کے بعد 20 سے 29 سال میں 24، 0 سے 9 میں 16، 40 سے 49 اور 50 سے 59 میں 12، 12، 60 سے 69 میں 8 اور 10 سے 19 سال کے درمیان کے لوگوں میں 7 کیسز رپورٹ ہوئے۔
اسی طرح جی 7 سے 10، لوئی بھیر سے 9، جی 11 اور علی پور سے 7، 7، بارہ کہو اور کھنہ سے 5، 5، ایف 10 سے 4، جی 10 ، ترلائی ، آئی 10 ایف 11، باری امام اور سہالہ سے 3، 3، جی 9، آئی 8، سوہان، کورال، چرہ، ای 7 اور ایف 15 سے 2، 2، اور جی 6، روات، جی 8، ای 11، کری، ایف 6، ایف 7، راول ٹاؤن، جی 5 اور ایچ 13 سے ایک ایک کیسز رپورٹ ہوئے۔
وفاقی دارالحکومت میں 1267 فعال کیسز ہیں اور ان میں سے 62 ہسپتالوں میں داخل ہیں جن میں سے 57 آکسیجن پر اور 5 وینٹیلیٹرز پر ہیں۔