راولپنڈی میں 5 افراد کی شادی شدہ خاتون سے گھر میں گھس کر زیادتی
راولپنڈی کے تھانہ کہوٹہ کے علاقے میں انسانیت کو شرما دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، پانچ افراد نے شادی شدہ خاتون سے گھر میں زبردستی داخل ہوکر مبینہ زیادتی کی اور نازیبا ویڈیو بھی بناتے رہے اور بلیک میل نہ ہونے پر ویڈیو وائرل کردی، پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔تھانہ کہوٹہ پولیس نے خاتون سے زیادتی کے مقدمہ میں نام زد مرکزی ملزم کامل شاہ کوگرفتار کرلیا۔
زیادتی کی شکار خاتون نے ایف آئی آر میں پانچ ملزمان کو نام زد کیا تھا۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ڈی ایس پی او کہوٹہ طاہر سکندر کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے علاقے تھانہ کہوٹہ کی رہائش پذیرخاتون نے تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی تھی جس کے مطابق وہ 26 مئی کو اپنے 9 سالہ بیٹے کے ساتھ گھر موجود تھی کہ ملزمان کامل شاہ، منیرعرف کالا شاہ تین دیگر نامعلوم افراد کے ہمراہ دروازہ توڑ کر میرے کمرے میں داخل ہوئے۔
ان میں سے ایک ملزم نے میرے بیٹے کو اٹھا لیا اور دوسرے نے مجھے گریبان سے پکڑ کر گرا دیا۔ملزمان نے میرے کپڑے پھاڑ دیے اور زبردستی کی کوشش کی، میرے شور کرنے پر کالا شاہ نے دھمکی دی کہ اگر بات نہیں مانوں گی تو تمھارے بیٹے کو تمھاری آنکھوں کے سامنے قتل کردیں گے، میں اپنے بیٹے کی جان بچانے کی خاطر ان کی بات ماننے کے لیے تیار ہوگئی۔ملزم منیر عرف کالا شاہ میرے ساتھ زبردستی کرتا رہا اور کامل شاہ نازیبا ویڈیو بناتا رہا، پھر کامل شاہ نے میرے بیٹے کے سامنے مجھ سے زیادتی شروع کردی شروع کردی، اس کے بعد ان دونوں کے ساتھ آئے تینوں نامعلوم افراد نے بھی مجھے زبردستی کا نشانہ بنایا۔
ملزمان جاتے وقت گھر سے سات لاکھ روپے نقدی اور سونے کی چین و انگوٹھی بھی لے گئے۔ بعد میں منیر اور کامل شاہ مجھے بلیک میل کرتے رہے کہ اگر بات نہیں مانی تو ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردیں گے، مزید رقم کے تقاضے پر ان کی بات نہیں مانی تو انہوں نے ویڈیو وائرل کردی جس کی وجہ شوہر نے مجھے طلاق دے دی ہے۔راولپنڈی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون نے سی پی او راولپنڈی کی کھلی کچہری میں پیش ہو کر ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی و تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی۔ جس پر فوری طور پر قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے۔