رواں سال مون سون میں 50 کروڑ درخت لگائیں گے، وفاقی وزیر فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت نے اسلام آباد میں رواں مون سون کے دوران 50 کروڑ درخت لگانے کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’پوری دنیا سے سنیکڑوں پاکستانی قیدی رہا ہوکر پاکستان آئے ہیں، مزدور طبقے کے لیے یہ بہت بڑی خوش خبری ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مزید پاکستانی جو سنگین جرائم میں ملوث نہیں ہیں انہیں بھی پاکستان لانے کی کوشش کی جارہی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ملک میں 2 کروڑ لوگ پاکستان میں ویکسینیشن کرواچکے ہیں، اس وقت کراچی اور خیبر پختونخوا میں کیسز بڑھے ہیں اور ہمیں اس کے خلاف جنگ جاری رکھنی ہوگی‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’وفاقی کابینہ نے عید کی 20،21 اور 22، تین روز کی چھٹیاں منظور کی ہیں‘۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سازشی عناصر سے دور رہیں اور ویکسین لگواکر اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی کی حفاظت کریں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ سے زیادہ پروٹوکول سابقہ حکمرانوں اور بیوروکریٹس کے پاس ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے اس حوالے سے ایک جامع رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی جائے گی اور اس کے بعد بتدریج ان سے پروٹوکول واپس لیا جائے گا۔

Back to top button