ریگولیٹری اتھارٹی میڈیا ورکرز، صحافی اور دیگر ملازمین کی تنخواہیں مقرر نہیں کرے گی

وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ میڈیا ہاؤسز اور ملازمین کی تنخواہوں کی ادائی کا کوئی میکنزم موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ایڈورٹائزمنٹ سے متعلق مانیٹرنگ ہونی چاہئیےاور ہم میڈیا سمیت تمام اداروں میں اصلاحات لانا چاہتے ہیں۔
ہمیں جدید ماڈلز کو اپنا کر آگے بڑھنا چاہئیے۔ ہم میڈیا سمیت تمام اداروں میں اصلاحات لانا چاہتے ہیں۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ میڈیا ریگولیٹری باڈی سے متعلق قوانین موجود ہیں جسے پیمرا مانیٹر کرتا ہے۔ ہم ایک آزاد کمیشن بنا رہے ہیں جن میں حکومتی، میڈیا اور تیسرا فریق شامل ہوگا۔ اُن کا کہنا تھا کہ آزاد کمیشن میڈیا ہاؤسز کے ملازمین، مالکان اور عام آدمی کی شکایات سن سکے گا جب کہ آزاد کمیشن کا سربراہ سپریم کورٹ کا ریٹائرڈ جج ہوگا۔ اس آزاد کمیشن پر پیمرا سمیت کسی بھی ادارے کو اعتراض نہیں ہوگا اور میڈیا سے متعلق آزاد کمیشن تک عام آدمی کی رسائی آسان ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری اتھارٹی میڈیا ورکرز، صحافی اور دیگر ملازمین کی تنخواہیں مقرر نہیں کرے گی۔ یاد رہے کہ دو ماہ قبل فرخ حبیب نے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات کا حلف اُٹھایا تھا، صدر مملکت عارف علوی نے فرخ حبیب سے حلف لیا۔ وزیراعظم نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب کو وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مقرر کیا تھا، جس کی تصدیق فواد چوہدری نے کرتے ہوئے فرخ حبیب کو مبارک باد دی تھی۔ خیال رہے کہ عام انتخابات میں فرخ حبیب فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 108 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

Back to top button