سلامتی کونسل میں غزہ کی قرارداد پر ووٹنگ موخر

سلامتی کونسل اجلاس کے دوران غزہ کی قرارداد پر ووٹنگ کو موخر کر دیا گیا، قرارداد پر ووٹنگ کو اسے ایک اور امریکی ویٹو سے بچانے کے لیے موخر کیا گیا ہے کیونکہ قرارداد کے متن پر بات چیت جاری ہے۔
قرارداد کا مسودہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے پیش کیا گیا، جس پر پیر کی شام پانچ بجے تک ووٹنگ کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
قرارداد کے اصل مسودے میں غزہ میں "کشیدگی کے فوری اور پائیدار خاتمے” اور فلسطینی علاقے میں "انسانی امداد کی محفوظ اور بلا روک ٹوک رسائی” کی اجازت کا مطالبہ کیا گیا ہے، امریکی ویٹو سے بچنے کے لیے متن کے الفاظ کو نرم کر کے "خاتمے” کی جگہ "معطلی” کا لفظ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
مسودے میں "تمام یرغمالیوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی” کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے اور "شہریوں کے خلاف ہر طرح کے تشدد اور دشمنی نیز دہشت گردی کی تمام کارروائیوں” کی بھی مذمت کی گئی ہے۔