سونم کی وجہ سے باکسر سے مار کھائی

اداکار ارجن کپور نے حال ہی میں اپنے بچپن کا ایک یادگار واقعہ مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔
بالی وڈ اداکار ارجن کپور نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اس وقت کا تذکرہ کیا جب ان کو کزن سونم کپور کی وجہ سے مار پڑی جس کے بعد انہیں اسکول سے نکال دیا گیا۔ارجن نے بتایا کہ ‘میں اور سونم ایک ہی اسکول میں پڑھتے تھے، اس وقت میں صحتمند تھا، ہم دونوں کو باسکٹ بال کھیلنا بے حد پسند تھا اور ایک مرتبہ سونم اسکول میں باسکٹ بال کھیل رہی تھی تو کچھ سینئرز آئے اور انہوں نے اس سے بال چھین لی جس کے بعد سونم میرے پاس روتی ہوئی آئی اور اس بارے میں بتایا‘۔ارجن نے بتایا کہ ‘مجھے لڑائی جھگڑا بالکل پسند نہیں تھا لیکن اس وقت مجھ سے رہا نہیں گیا اور میں نے جاکر اس لڑکے کو کھری کھوٹی سنانا شروع کردیں، وہ مجھے گھورتا رہا اور پھر اس نے زوردار مکا میرے منہ پر مارا’۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ‘وہ ایک باکسر تھا جس کا علم مجھے بعد میں ہوا میں نے سوچا سونم کی وجہ سے غلط لڑکے سے پنگا لے لیا تاہم اس وقت مجھے اسکول سے نکال دیا گیا اور میں گھر اپنی سوجی ہوئی آنکھ کے ساتھ واپس آیا’۔
واضح رہے کہ ارجن کپور بھارتی فلم پروڈیوسر بونی کپور کے بیٹے جب کہ انیل کپور کے بھتیجے ہیں۔