شادی کی دوسری اننگز میں بشریٰ کی شانداربیٹنگ جاری

دوسری شادی کے بعد بشریٰ انصاری آج کل ہواؤں میں اُڑ رہی ہیں، دوسرے لفظوں میں یوں کہہ لیں کہ وہ اقبال انصاری کے ساتھ ایک طویل اور تھکا دینے والی ازدواجی زندگی کی پہلی اننگز کھیلنے کے بعد اب اقبال حسین کے ساتھ دوسری ازدواجی اننگز کا بھرپور مزہ لے رہی ہیں۔ بشریٰ ویسے بھی شوبز انڈسٹری کی کافی چہیتی ہیں۔ ایکٹنگ، سنگنگ، رائٹنگ، ہوسٹنگ، کامیڈی، ٹریجڈی، ان سے کچھ بھی کروا لیں، مجال ہے جو کام میں کوئی ان کی گرد کو بھی چُھو جائے۔ اس خوبصورت فنکارہ کو انڈسٹری نے جتنا پیار دیا، شوہر نے اتنا ہی مایوس کیا۔ بہرحال بشریٰ نے ”لوگ کیا کہیں گے“ کی پرواہ کئے بغیر اقبال انصاری سے شادی کا طوق گلے سے اُتار پھینکا، اور اپنے سے آدھی عمر کے اقبال حسین سے شادی کر لی۔ اب تو جیسے بشری کی زندگی میں بہار آ گئی ہے۔ اقبال انصاری نے اگر چالیس سالہ ازدواجی زندگی میں سکھ کے کم ہی لمحے دیے تواقبال حسین نے چالیس ہفتوں میں دنیا کا ہر سکھ اپنی ”مادام“ کی جھولی میں ڈال دیا۔ دونوں کی خاموش شادی کو کم و بیش دو سال ہو چکے ہیں اور اس عرصے میں بشریٰ اپنی عمر سے تیس سال کم دکھائی دینے لگی ہیں۔
ویسے بھی بشری انصاری پچھلے کچھ عرصے سے اپنے دوسرے شوہر کے ساتھ کینیڈا میں مقیم ہیں اور لاک ڈاون نے ان کا وہاں قیام طویل کر دیا ہے۔ اگرچہ بشری کی بیٹی نریمان کینیڈا میں ہی سیٹلڈ ہے لیکن بشریٰ نے اپنا الگ اپارٹمنٹ لے رکھا ہے۔ یعنی کورنٹین کا یہ غیر معینہ وقت بشریٰ کینیڈا میں گزار رہی ہیں۔ دیکھا جائے تو زیادہ تر فنکار کورنٹین میں ہی ہیں کیونکہ سب کام دھندے بند پڑے ہیں، لیکن بشریٰ جیسی ہر دم متحرک خاتون کو آرام کہاں؟ اور جب جان چھڑکنے والا تخلیق کار شوہر ہمراہ ہو تو مصروفیت ڈھونڈنی نہیں پڑتی۔ خیر بشریٰ اور ان کے دوسرے میاں نے وقت گزارنے کا اچھا طریقہ ڈھونڈا ہے۔ بشریٰ آج کل ہنستی گاتی، کھانا پکاتی اور کبھی کرونا وائرس سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر بتاتی نظر آتی ہیں اور ان کی یہ تمام ویڈیوز سوشل میڈیا پر دیکھی جا سکتی ہیں۔ خبر یہ ہے کہ ان ویڈیوز کو کوئی اور نہیں، بشریٰ کے شوہر معروف ڈائریکٹر اور پروڈیوسر اقبال حسین شوٹ کرتے ہیں۔ مثلاً انھوں نے ترغیب دی کہ رمضان المبارک کے مہینے میں زکواة وغیرہ سے ہم کیسے مل کر مستحق لوگوں کی امداد کر سکتے ہیں۔ ایک جگہ وہ روبینہ اشرف کے ڈرامے ”رسوائی“ کی دل کھول کر تعریف کرنا نہیں بھولیں جبکہ ایک پیغام میں وہ کافی جذباتی دکھائی دیں کہ کب ہم اپنی غلطیوں کو سدھارنے کی بجائے دوسروں کو الزام دیتے رہیں گے، سیاستدانوں کو بُرا بھلا کہتے رہیں گے؟ یا کبھی ہم نے سوچا کہ اللہ ہم سے ناراض کیوں ہے؟
انتہائی خوبصورت فریم کے ساتھ بشریٰ کے کچن کی ویڈیو تو ان کے بہت سے فینز نے دیکھی ہو گی، یہ سب اقبال میاں ہی کا کمال ہے۔ اس ویڈیو میں بشریٰ اپنی بیٹی نریمان کی فرمائش پر چنے کی دال کا حلوہ بنا رہی ہیں۔ بقول بشریٰ، اب کینیڈا میں کچھ اور تو کرنے کو ہے نہیں تو میں نے سوچا چلو حلوہ بنا ہی دوں۔
حال ہی میں بشریٰ نے جو ویڈیوز اپ لوڈ کی ہیں، ان میں وہ ملکہ ترنم نور جہاں اور طفیل نیازی کو ٹریبیوٹ پیش کر رہی ہیں۔ نورجہاں کی غزل ”نیتِ شوق بھر نہ جائے کہیں، تو بھی دل سے اُتر نہ جائے کہیں“ اور طفیل نیازی کا سدا بہار گیت ”ساڈا چڑیاں دا چنبہ وے بابلا، تے اساں اُڈ جاناں“ انھوں نے جو بھی گایا، دل میں اُترتا محسوس ہوتا ہے۔ یقیناً آپ بھی یہی سوچ رہے ہوں گے کہ اب کی بار بشریٰ کو شادی ٹھیک ٹھاک راس آگئی ہے!!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button