’’شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے درمیان علیحدگی ہوگئی‘‘

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور سابق بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے درمیان طلاق ہوگئی ہے، شعیب ملک کے اہل خانہ نے انتہائی دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے دونوں میں علیحدگی کی تصدیق کر دی۔ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان کے اہل خانہ نے تصدیق کی ہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے درمیان باقاعدہ طلاق ہوچکی ہے، سابق کپتان کے اہل خانہ نے بتایا کہ ثانیہ مرزا شعیب ملک کے دوسری خواتین کے ساتھ دوستی اور میل ملاپ سے ناخوش تھیں جس کی وجہ سے انہوں نے طلاق کا فیصلہ کیا۔یہ بھی انکشاف ہوا کہ ثنا جاوید کے ساتھ شادی میں شعیب ملک کے اہل خانہ نے شرکت نہیں کی، شعیب ملک کی فیملی ثانیہ مرزا سے شادی ختم ہونے پر ناخوش ہے، کرکٹر کے خاندان کو ثنا جاوید سے شادی کے بارے میں سوشل میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا۔دونوں کی ایک دوسرے کے ساتھ دوسری شادی ہے، شعیب ملک کی پہلی شادی بھارتی ٹینس اسٹار جبکہ ثنا جاوید نے پہلی شادی گلوکار عمیر جیسوال سے کی تھی۔شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 13 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی، شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔دونوں سٹارز کے درمیان علیحدگی اور طلاق کی افواہیں ابتدائی طور پر دسمبر 2022 میں بھارتی میڈیا میں شائع ہوئی تھیں اور شوبز ویب سائٹس نے مستند ذرائع کا حوالہ دیئے بغیر ان کے درمیان اختلافات کی خبریں دی تھیں، کئی ماہ سے طلاق کی افواہیں گردش کرنے کے بعد دونوں نے باضابطہ طور پر اس حوالے سے نہ تصدیق کی اور نہ تردید کی ہے تاہم اس دوران شعیب ملک متعدد بار ثانیہ مرزا کا نام لیتے ہوئے ان کی تعریف کرچکے ہیں۔ دونوں ایک دوسرے سے علیحدگی کی زندگی گزار رہے تھے، اس دوران ثانیہ مرزا اکثر سوشل میڈیا پر اپنی اور بیٹے کی تصاویر اپ لوڈ کرتی رہیں تاہم ان تصاویر میں شعیب ملک موجود نہیں ہوتے تھے اور چند روز قبل بھی ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا پر ایک معنی خیز پیغام شیئر کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا شادی اور طلاق دونوں ہی مشکل فیصلے ہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ صبر کا پیمانہ لبریز ہونے پر ثانیہ مرزا نے انتہاہی قدم اٹھایا اور شعیب ملک سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔شعیب ملک کی فیملی ان کی دوسری شادی کے فیصلے سے انتہائی ناراض ہے، اس بات کا انکشاف شعیب ملک کے بہنوئی عمران ظفر نے کیا، اور بتایا کہ شعیب ملک کی فیملی میں سے کسی نے شادی میں شرکت نہیں کی، ان کے اہلخانہ ثانیہ مرزا سے شادی ختم ہونے پر سخت رنجیدہ ہیں، عمران ظفر نے کہا مجھے بھی شادی کا سوشل میڈیا سے پتہ چلا ہے، خاندان میں سے کوئی شادی میں شامل نہیں تھا، شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی علیحدگی کا بہت افسوس ہے، ذرائع کے مطابق ثانیہ مرزا اور شعیب ملک میں باقاعدہ طلاق ہو چکی ہے اور قانونی حیثیت سے شعیب ملک بیٹے کو دبئی میں ملتے رہیں گے، شعیب اور ثانیہ کے تعلقات خراب ہونے پر شعیب ملک کی فیملی دبئی بھی گئی۔شعیب ملک کی فیملی 2022 کے آخر میں دو ہفتے دبئی رہی، دونوں کے گھر قیام کے دوران تعلقات خوشگوار کرنے کی کوشش کی جاتی رہی، شعیب ملک کی فیملی ثانیہ مرزا سے طلاق کے حق میں نہیں تھی، طلاق ہونے پر شعیب ملک کی فیملی کو بہت دکھ ہوا، ذرائع کا بتانا ہے کہ فیملی نے شعیب ملک کو بھی تعلقات بہتر بنانے کا کہا، اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ معاملات ایک عرصے سے چل رہے تھے۔واضح رہے کہ شعیب ملک اور اداکارہ ثنا جاوید نے 20 جنوری ہفتے کی صبح اپنی شادی کا اعلان سوشل میڈیا پر جاری تصاویر سے کیا جس کے بعد بھارتی میڈیا نے ثانیہ مرزا کے والد عمران مرزا کا بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ثانیہ مرزا نے شعیب ملک سے خلا لی ہے، جو کہ اسلام کے مطابق ان کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام عورت کو اجازت دیتا ہے کہ وہ اپنے شوہر سے خلا لے سکتی ہے۔شعیب اور ثانیہ نے اپریل 2010 میں بھارتی کھلاڑی کے آبائی شہر حیدرآباد میں شادی کی تھی اور وہ دبئی میں رہتے تھے، ثانیہ نے گزشتہ سال ٹینس سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، ان کے 20 سال پر محیط کیریئر میں انہوں نے 43 ڈبلیو ٹی اے ڈبلز ٹائٹل اور ایک سنگلز ٹرافی جیتی، ثانیہ مرزا کو کھیلوں کے شعبے میں خواتین کے لیے قابل تقلید مثال قرار دیا جاتا ہے۔