شہروز سبزواری اور صدف کا شادی سے پہلے تعلقات کا انکشاف

اداکار شہروز سبزواری اور سپر ماڈل و اداکارہ صدف کنول نے اپنی شادی کے ایک برس بعد یہ اعتراف کر لیا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کی محبت میں تب ہی گرفتار ہوگئے تھے جب انہوں نے ایک ساتھ ایوارڈ شو میں ڈانس پرفارمنس کی تھی۔ اس سے پہلے شہروز سبزواری نے دعویٰ کیا تھا کہ شادی سے پہلے ان کا صدف کنول کے ساتھ کوئی ایسا ویسا تعلق نہیں تھا۔ یاد رہے کہ صدف کنول اور شہروز سبزواری نے مئی 2020 میں خاموشی سے شادی کرلی تھی۔ اس سے کچھ عرصہ پہلے شہروز کی اپنی اداکارہ اہلیہ سائرہ یوسف سے علیحدگی ہو گئی تھی جو کہ طلاق پر منتج ہوئی تھی۔ دونوں کی ایک بیٹی بھی تھی جو اپنی ماں کے ساتھ ہی چلی گئی۔
حال ہی میں شہروز اور صدف ایک ٹی وی شو میں شریک ہوئے جہاں دونوں نے ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہونے کی کہانی سنانے سمیت شادی کرنے کے معاملے پر کھل کر بات کی۔ پروگرام کے دوران دونوں نے اعتراف کیا کہ ان کے درمیان 2019 میں ناروے میں ایک ایوارڈ شو میں پرفارمنس کرنے کے دوران ہی محبت پروان چڑھ چکی تھی۔ دونوں نے بتایا کہ وہ جب ناروے میں ہونے والے ایوارڈ شو کے لیے ڈانس کی ریہرسل کر رہے تھے تب پہلی مرتبہ ان کے درمیان رومانوی جذبات پیدا ہوئے تھے۔ شہروز سبزواری نے بتایا کہ اس کے بعد جب وہ پاکستان آئے تو انہوں نے صدف کنول کو بتا دیا تھا کہ وہ ان سے محبت کرتے ہیں اور ان ہی سے دوسری شادی کریں گے۔ شہروز سبزواری نے بتایا کہ اس وقت ان کے اپنی پہلی بیوی سائرہ سے گھریلو معاملات خراب چل رہے تھے، اس لیے انہوں نے صدف کو پہلے ہی بتادیا تھا کہ وہ ان سے شادی کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں صدف کنول کی سب سے اچھی بات ان کی سچائی لگی، وہ ہر بات اور جذبے میں خالص ہیں، وہ کبھی کچھ نہیں چھپاتیں، ان کی سچائی ہی انہیں سب سے زیادہ پسند آئی۔ اگرچہ شہروز نے اعتراف کیا کہ ان کے اور صدف کے مابین ایوارڈ شو کی ریہرسل کے دوران ہی محبت پروان چڑھی۔ لیکن اس سے پہلے انہوں نے تردید کی تھی کہ شادی شدہ اور باپ ہونے کے باوجود صدف سے تعلقات ان کی طلاق کا سبب بنے تھے۔ تب یہ خبریں تھیں کہ شہروز سبزواری اور صدف کنول کے درمیان تعلقات کی وجہ سے ہی سائرہ یوسف ان سے الگ ہوئیں اور بعد ازاں دونوں میں طلاق ہو گئی۔ اس وقت ابتدائی طور پر شہروز سبزواری نے ایسی تمام خبروں کو مسترد کیا تھا لیکن افواہوں کے 6 ماہ بعد اور سائرہ یوسف سے طلاق کے تین ماہ بعد ہی انہوں نے صدف کنول سے دوسر شادی کرلی تھی۔ اور اب ان سے شادی کے ایک سال بعد انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ دراصل صدف کنول سے ان کی محبت ایوارڈ شو کی ریہرسل کے دوران ہی پروان چڑھی تھی۔
شہروز سبزواری اور صدف کنول کے اعتراف کے بعد ان کے شادی سے پہلے ہی تعلقات ہونے کی تمام چہ مگوئیاں درست ثابت ہو گئی ہیں۔ سادگی سے شادی کیے جانے کے سوال پر صدف کنول نے بتایا کہ دراصل ان کی خواہش تھی کہ وہ جب بھی شادی کریں گی تو سادگی سے ہی کریں گی۔ انہوں نے بھی بتایا کہ دراصل شہروز سبزواری کی سچائی ہی انہیں بہت پسند آئی، جس وجہ سے وہ ان سے شادی کے لیے راضی ہوئیں۔ خیال رہے کہ صدف کنول سے قبل شہروز سبزواری نے سائرہ یوسف سے 2012 میں شادی کی تھی اور دونوں کی 6 سالہ بیٹی نورے بھی ہے۔ اس سے پہلے شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف میں مارچ 2020 میں طلاق ہوگئی تھی اور مئی 2020 میں اداکار نے صدف کنول سے دوسری شادی کی تھی۔