صباء نے ہراسانی سے بچایا
اداکارہ مہربانو نے انکشاف کیا ہے کہ جب پہلی بار ہراساں کیا گیا تو انہیں صباء قمر نے بچایا تھا۔
حال ہی ویب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں مہر بانو نے سیٹ پر ہونے والی جنسی ہراسانی سے متعلق گفتگو کی اور دوران شوٹنگ ہراسانی کے تجربے پر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ ’دوران شوٹنگ مجھے سیٹ پر مائیک والے کی جانب سے ہراساں کیاگیا، اس وقت چونکہ کم عمر تھی لہٰذا نہیں سمجھ پارہی تھی کہ یہ کیا ہورہا ہے بس میں حیران تھی‘۔اداکارہ نے کہا کہ ’صباء بھی اس وقت سیٹ پر موجود تھیں، یہ بات صبا کو بتائی تو انہوں نے میرے لیے آواز اٹھائی اور اس مائیک والے کو شوٹنگ سے ہی نکلوادیا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے یاد ہے یہ وہ واحد لمحہ تھا جب کسی ساتھی اداکار نے مجھے تحفظ دیا اور میرے لیے مضبوط اسٹینڈ لیا تھا، اس لمحے مجھے سمجھ آیا کہ مجھے شعور کی ضرورت ہے جس سے میں جان سکوں میرے ساتھ اور دوسروں کے ساتھ کیا ہورہا ہے تاکہ میں آواز اٹھاسکوں‘۔مہر بانو کا بتانا تھا کہ ’اس واقعے کے بعد احساس ہوا کہ آپ کسی بھی وقت کسی کے بھی ہاتھوں ہراسانی کا شکار ہوسکتے ہیں، اسی لیے خود کو مضبوط بنانا چاہیے اور اپنی آنکھیں کھلی رکھنی چاہئیں‘۔