صنم ماروی کو شوہر کے تشدد سے نجات مل گئی

شوہر کے ہاتھوں مبینہ تشدد کا شکار ایک اور شوبز سٹار نے آزادی حاصل کر لی اور اسکا ازدواجی سفر اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ لاہور کی مقامی عدالت نے شوہر کے مبینہ تشدد، بے وفائی اور دھوکے کی شکار نامور گلوکارہ صنم ماروی کو آزادی کا پروانہ دے دیا، صنم ماروی کے حق میں خلع کی ڈگری جاری ہونے کے بعد گلوکارہ کا حامد خان کے ساتھ ازدواجی سفر کا اختتام ہوگیا۔
یاد رہے کہ 7 فروری کے روز گلوکارہ صنم ماروی نے اپنے شوہر حامد خان سے خلع کے لیے لاہور کی فیملی کورٹ میں اپنے وکیل ایڈووکیٹ حامد مقبول کے توسط سے درخواست دائر کی تھی۔ گلوکارہ نے اپنی درخواست میں الزام عائد کیا تھا کہ شوہر ان پر تشدد کرنے سمیت ان کے خلاف نازیبا زبان بھی استعمال کرتے ہیں صنم ماروی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ ان دونوں کے 3 بچے بھی ہیں جن کی وجہ سے گلوکارہ شوہر کا تشدد برداشت کرتی رہیں۔ تاہم اب وہ شوہر کے ایسے رویے کو برداشت کرکے تھک چکی ہیں۔ اس لئے انھیں خلع کی ڈگری جاری کی جائے۔ بعدازاں حامد خان نے عدالت میں سات صفحات پر مشتمل اپنے جواب میں اہلیہ کی جانب سے لگائے تمام الزامات مسترد کردئیے تھے۔ حامد خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے صنم ماروی سے کبھی بدتمیزی نہیں کی اور نہ ہی کبھی انہیں گالی دی ہے۔ حامد خان نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ ان کی اہلیہ کی خلع کی درخواست کو مسترد کیا جائے۔
بعد ازاں خلع کیلئے اپنا بیان قلمبند کراتے ہوئے صنم ماروی نے کہا تھا کہ گولیاں کھا کر مرنے سے بہتر ہے کہ علیحدگی اختیار کر لیں۔ جھوٹ گھرانوں کی تباہی کا بڑاسبب ہے، 11 سال سے شوہر کا تشدد برداشت کررہی تھی۔ جب بیوی کماتی ہے تو شوہر اور اس کی فیملی اس پر انحصار کرتے ہیں، جس سے گھر خراب ہوتے ہیں، ان کے لیے شوہرکا ہونا یا نہ ہونا برابر ہے اس لئے اکٹھے رہنے کی بجائے علیحدہ ہونا ہی بہتر ہے۔
20 فروری کے روز لاہورکی فیملی کورٹ کی جج ثناء افضل واہلہ نے صنم ماروی کی خلع کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت صنم ماروی کا کہنا تھا کہ وہ اب حامد خان کے ساتھ مزید نہیں رہنا چاہتیں کیوںکہ وہ ان پر تشدد کرتا ہے اور انہیں گالیاں دیتے ہیں۔عدالت نے خلع کے دعوی پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ صنم ماروی کے شوہر کو بیان ریکارڈ کروانے کے متعدد مواقع دیے گئے۔ صنم ماروی کے شوہر کے پیش نہ ہونے پر یکطرفہ ڈگری جاری کی جاتی ہے۔ فیملی جج ثنا افضل نے صنم ماروی کے دعوی پر ڈگری جاری کی۔
خیال رہے کہ صنم ماروی کی یہ دوسری شادی تھی، ان کے پہلے شوہر آفتاب احمد کو 2009 میں سندھ کے دارالحکومت کراچی میں قتل کردیا گیا تھا۔ ان کے پہلے شوہر کو ایک ایسے وقت میں قتل کیا گیا تھا جب وہ پہلے بچے کی امید سے تھیں۔ صنم ماروی نے محض 18 سال کی عمر میں پہلی شادی کی تھی اور پہلے شوہر کے قتل کے چند سال بعد انہوں نے دوسری شادی، حامد خان سے کی، جو ان کے کزن بھی ہیں۔ صنم ماروی کو سب سے زیادہ شہرت کوک اسٹوڈیو سیزن 4 سے حاصل ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے ٹی وی اور ریڈیو سمیت لائیو پرفارمنس میں بھی اپنا نام بنایا۔ صنم ماروی نے گلوکاری کا آغاز پاکستان ٹیلی وژن لاہور سے دوسری شادی کے بعد کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button