عالمی ادارے نے عمران خان حکومت کے کرپٹ ترین ہونے کی تصدیق کردی
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ اب تو عمران خان کی حکومت کے کرپٹ ترین ہونے کی تصدیق عالمی ادارے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے بھی کردی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر جاری بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم خود چور اور جھوٹا ہو تو عوام قرض اور بے روزگاری کی دلدل میں دھنس جاتے ہیں، عمران خان نے کارٹلز اور مافیا کی سہولت کاری کر کے عوام کو معاشی تباہی اور مہنگائی کی دلدل میں دھنسایا ہے۔ ترجمان (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل سے عالمی تصدیق شدہ کرپٹ ترین حکومت ہے، جس نے آٹے، چینی، دوائی، ایل این جی، رنگ روڈ، مالم جبہ سے اپنی اور اپنی مافیا کی جیبیں بھر کے ملک کو کرپشن کی دلدل میں دھنسا دیا۔ مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم کو مخاطب کرکے کہا کہ ڈیزل سے مہنگی بجلی بنا کر کارٹلز اور مافیا کی جیب بھر کے عوام کو غریب اور بے روزگار کردیا گیا ہے، کورونا ریلیف پیکیج میں 1200 ارب روپے کا ڈاکا ڈالا گیا اور عوام ویکسین کےلیے ترستی رہی، 3 سال میں گردشی قرض 1200 ارب سے بڑھا کر 2800 ارب پر پہنچا کر آپ نے عوام کو قرض کی دلدل میں دھنسایا ہے۔
قبل ازیں ایک اور بیان میں مریم اورنگزیب نے کہنا تھا کہ عمران خان کی معاشی بہتری صرف سوشل میڈیا پر آ رہی ہے، اشتہاروں سے معیشت کی تباہی، بےروزگاری میں بہتری نہیں آسکتی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی اعداد وشمار الفاظ کا گورکھ دھندا ہیں جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب نے معیشت تباہ کی اور اب معیشت بہتر دکھانے کےلیے اشتہاری مہم چلا رہے ہیں، عمران صاحب نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر عوام کو لوٹا۔ مسلم لیگ نون کی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ عمران صاحب آپ کا کچن اے ٹی ایمز چلاتے ہیں، منہگائی26 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے مجرم عمران صاحب ہیں۔