عبدالحفیظ شیخ نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

عبدالحفیظ شیخ نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عبدالحفیظ شیخ سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
عبدالحفیظ شیخ نے معاشیات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے، وہ مایہ ناز تعلیمی ادارے ہارورڈ یونیورسٹی میں پڑھا چکے اور کئی برسوں تک عالمی بینک کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔ صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے عبد الحفیظ شیخ 2003 سے 2006 تک وزیر برائے نجکاری اور سرمایہ کاری کے منصب پر فائز رہے۔ بعدازاں پاکستان پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں وہ مارچ 2010 سے 19 فروری 2013 تک وزیر خزانہ، محصولات اور اقتصآدی امور کے فرائض سر انجام دیتے رہے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دورِ حکومت میں اسد عمر کے وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد 19 اپریل 2019 کو حفیظ شیخ وزیراعظم کے مشیر خزانہ کے منصب پر تعینات کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کے تقرر کے علاوہ وزیر اعظم کے دیگر معاونین خصوصی اور مشیروں کی تعیناتیوں کے خلاف مختلف عدالتوں میں درخواستیں دائر ہوچکی ہیں۔ اس ضمن میں سب سے اہم پیش رفت 7 دسمبر کو سامنے آئی جب اسلام آباد ہائی کورٹ نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے قیام کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔ عدالت نے حکم نامے میں قرار دیا تھا کہ غیر منتخب مشیر اور معاونین خصوصی حکومتی کمیٹیوں کی سربراہی نہیں کرسکتے۔ عدالتی فیصلے میں اعلان کیا گیا کہ کسی وزیر کی حیثیت سے مشیر کا تقرر ان کو اختیارات نہیں دیتا ہے کہ وہ وزیر کی حیثیت سے کام کرے یا رولز آف بزنس 1973 کے تحت اس طرح سے امور انجام دے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button