عمران خان اب جہانگیر ترین کو انصاف فراہم کریں
پاکستان تحریک انصاف ترین گروپ کے رہنما اور رکن اسمبلی راجہ ریاض نے مطالبہ کیا کہ علی ظفر کی رپورٹ جلد فراہم کی جائے۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ علی ظفر کی رپورٹ میں جہانگیر ترین پر منی لانڈرنگ اور سٹہ بازی کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔ جہانگیر ترین بے گناہ ثابت ہو چکے ہیں۔
عمران خان کو چاہئیے کہ اب جہانگیر ترین کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنائیں اور انصاف فراہم کریں، انہوں نے کہا کہ ہم علی ظفر رپورٹ لانے کا مطالبہ اس لیے بھی کر رہے ہیں کیوں کہ ہمیں کہا گیا تھا کہ علی ظفر کی رپورٹ 31 مئی تک آ جائے گی۔ ہماری وزیراعظم عمران خان سے گزارش ہے کہ جلد ازجلد اس رپورٹ کو منگوایا جائے اور پبلک کیا جائے کیوں کہ علی ظفر نے اپنی رپورٹ میں واضح طور پر کہا ہے کہ جہانگیر ترین کا چینی کی قیمت میں اضافے یا اسٹاک میں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ جہانگیر ترین بے گناہ ہیں، ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں ہونا چاہئیے، جو کچھ ہو رہا ہے وہ محض انتقامی کارروائی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی جہانگیر ترین گروپ کے رہنما راجہ ریاض نے دعویٰ کیا تھا کہ علی ظفر نے اپنی رپورٹ میں جہانگیر ترین کو بے گناہ قرار دے دیا ہے۔ راجہ ریاض نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے علی ظفر نے اپنی رپورٹ دے دی ہے کہ جہانگیر ترین بالکل بے گناہ ہیں ان کا کسی قسم کی لین دین میں کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرسٹر علی ظفر کی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کے پاس پہنچ گئی ہے، اس رپورٹ کو وزیراعظم کے علم میں لایا جا چکا ہے، یہ ہماری فتح ہے ہم سرخرو ہوگئے ہیں کیوں کہ ہمارے گروپ کا مؤقف کامیاب ہوا ہے۔