فلم انڈسٹری کے زوال کے بعد ماہرہ کی ٹی وی پر واپسی


حالیہ برسوں میں پاکستان کی فلم انڈسٹری میں آنے والے زوال کے باعث سپر اسٹار اداکارہ ماہرہ خان نے تقریبا 6 سال بعد ٹی وی ڈراموں میں واپسی کر دی یے۔ ماہرہ نے ہم ٹی وی کی ڈرامہ سیریز ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ کے ذریعے چھوٹی اسکرین پر واپسی کی ہے۔ عمیرہ احمد کے ناول پر بنے ڈرامے کو یکم اگست سے ہر اتوار کے روز نشر کیا جا رہا ہے۔ اس ڈرامے سے قبل ماہرہ خان آخری مرتبہ چھوٹی اسکرین پر 2015 کے مقبول رومانوی ڈرامے ’بن روئے‘ میں دکھائی دی تھیں، جسے 2016 میں فلم کی صورت میں بھی پیش کیا گیا تھا۔ گزشتہ 6 سال میں ماہرہ خان ڈراموں سے دور تھیں، البتہ وہ ٹی وی پر اشتہارات اور ایوارڈز شو میں شرکت کی صورت میں دکھائی دیتی تھیں۔
ماہرہ خان کے ڈرامے کی مرکزی کہانی تین کرداروں کے گرد گھومتی جو کہ رشتوں کی پیچیدگیوں، معاشرتی مسائل اور غلط فہمیوں کی وجہ سے کئی پریشانیوں کا سامنا کرتے ہیں، جس وجہ سے ان کے درمیان تلخیاں بھی جنم لیتی ہیں، ساتھ ہی انہیں بچپن میں ملنے والے صدموں اور بزرگوں کی غلط رہنما بھی ان کی زندگی میں مشکلات کا باعث بنتی ہے۔ ڈرامے میں ماہرہ خان ’مہرین منصور‘ نامی، کبریٰ خان ’مشعل‘ اور عثمان مختار ’اسود‘ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
’ہم کہاں کے سچے تھے‘ کے ذریعے ماہرہ خان کی چھوٹی اسکرین پر واپسی پر جہاں ان کے مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا، وہیں ان کے ساتھ کام کرنے والے ہدایت کار محمد احتشام الدین اور ادکارہ نوشین شاہ سمیت دیگر شخصیات بھی خوش دکھائی دیں۔
اداکارہ کی ڈراموں میں واپسی پر فلم ساز و ہدایت کار احتشام الدین نے ان کے لیے تعریفی انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی، جس میں انہوں نے خود کو ماہرہ خان کا مداح بھی قرار دیا۔ احتشام نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ انہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ باقی لوگ اداکارہ کے بارے میں کیا رائے دیتے اور خیال رکھتے ہیں مگر انہیں ہمیشہ ان پر فخر رہے گا۔
فلم ساز نے اداکارہ کی تعریف کرتے ہوئے ان کے معروف کرداروں کے نام لکھتے ہوئے کہا کہ اگر ماہرہ خان سخت محنت نہ کرتیں تو ہم سفر کی خرد اور شہر زت کی فلک سمیت ان کے دیگر کردار اتنے مشہور نہ ہوتے بلکہ وہ آج دفن ہو چکے ہوتے۔
ہدایت کار نے ماہرہ خان کی ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ کے ذریعے واپسی پر مبارک باد دیتے ہوئے ان کے ڈرامے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا، ساتھ ہی انہیں کئی لوگوں کا رول ماڈل قرار دیتے ہوئے خود کو اداکارہ کا مداح بھی قرار دیا۔
احتشام الدین کی اداکارہ نوشین شاہ نے بھی ماہرہ خان کی چھوٹی اسکرین پر واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان سمیت ڈرامے کی پوری ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ نوشین شاہ نے بھی اداکارہ کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے ڈرامے کے ٹیزرز دیکھتے ہیں اور بطور اداکار وہ سمجھ سکتی ہیں کہ ماہرہ خان نے جو کردار ادا کیا وہ کتنا مشکل ہے، کیوں کہ ان کے کردار کے کئی روپ ہیں۔ انہوں نے ماہرہ خان کی اداکاری کو جادو قرار دیا اور ساتھ ہی ان سمیت ڈرامے کی پوری ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دیگر کاسٹ کو بھی اسٹوری میں مینشن کیا۔
خیال رہے کہ عمیرہ احمد کے ناول پر بنے ڈرامے کی ہدایات فاروق رند نے دی ہیں، اسے نینا کاشف اور مومنہ درید نے پروڈیوس کیا ہے۔

Back to top button