لبنانی سیاست دان کی براہ راست نشر ہونے والی پریس کانفرنس میں بلی کی کیٹ واک
لبنان کے سابق رکن اسمبلی اور چوٹی کے سیاستدان مصباح الحداب کی ملکی سیاست اور مخدوش صورت حال پر انتہائی سنجیدہ پریس کانفرنس کو ایک بلی کی انٹری نے پُرمزاح بنادیا۔
سیاسی بحران کے شکار لبنان کو بے امنی کا سامنا بھی ہے۔ متحارب گروپ کی جھڑپوں اور دہشت گردی کے واقعات کی وجہ سے خوف کی فضا قائم ہے اور ملک میں تاحال تناؤ برقرار ہے۔
بیروت کی بندرگاہ میں ٹنوں وزنی بارودی مواد میں زوردار دھماکے سے آدھا شہر تباہ اور سیکڑوں جانوں کا نقصان ہوا تھا جس کے بعد سے سیاسی بحران تاحال قائم ہے۔
ایسی سنجیدہ صورت حال پر ملک کے سیاست دان اور بیروت سے منتخب ہونے والے سابق رکن اسمبلی مصباح الحداب کی براہ راست نشر ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران بلی کیمرے کے سامنے آگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مصباح الحداب کرسی پر بیٹھے ہیں اور سامنے میز پر مختلف چینلز کے مائیک رکھے ہوئے ہیں اور کیمرے میں سارا منظر ریکارڈ ہو رہا ہے ایسے میں ایک بلی کود کر میز پر آجاتی ہے اور چہل قدمی کرتی ہے۔
بلی کے کیمرے کے سامنے آجانے کے باوجود مصباح الحداب مطمئن رہتے ہیں۔ وہ اس دوران نہ تو پریس کانفرنس روکتے ہیں اور نہ ہی بلی کی جانب دیکھتے ہیں۔ بلی بھی رکن اسمبلی کی بے اعتناعی دیکھ کر واپس چلی جاتی ہے۔