ماہرہ خان اپنی دوسری شادی بارے کھل کر کیوں نہیں بتا رہیں؟

https://youtu.be/9PCdjGBxeOs
لالی ووڈ سے بولی ووڈ تک ڈرامہ اور فلم انڈسٹری میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑنے والی سپر سٹارماہرہ خان نے زندگی کی 36 بہاریں دیکھ لی ہیں لیکن ملک کی پرکشش ترین ایکٹرس کہلوانے والی ماہرہ اپنی دوسری شادی کے بارے میں کچھ بھی کھل کر بتانے کے موڈ میں نظر نہیں آتیں۔
ماہرہ خان نے ڈرامہ انڈسٹری میں اداکاری کے ذریعے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور اب وہ فلمی دنیا میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہی ہیں۔ 2019 میں پاکستان کا پُرکشش ترین چہرہ قرار پانے والی ماہرہ خان اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر بھی ہیں۔دوسری جانب ماہرہ رواں برس فوربز ایشیا کے 100 ڈیجیٹل اسٹار کی فہرست میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہیں۔ مئی 2018 میں فرانس کے شہر کانز میں جاری فلم فیسٹیول میں ریڈ کارپٹ پر قدم رکھنے سے قبل ہی ماہرہ خان نے اپنے منفرد اور غیر معمولی لباس و انداز سے کانز میں اپنی موجودگی کا احساس دلا دیا تھا۔ گویا آج وہ دنیا بھر۔میں پاکستان کا مثبت چہرہ بن چکی ہیں۔
ماہرہ خان کا شمار پاکستان کی سب سے کامیاب اداکارہ کے طور پر کیا جاتا ہے جن کے کیریئر کے ساتھ ساتھ ان کی ذاتی زندگی کے حوالے سے بھی خبریں میڈیا میں سامنے آتی رہتی ہیں۔ اپنی پہلی شادی ناکام ہونے کے بعد طلاق لینے والی مزہرہ خان کا نام کئی لوگوں کے ساتھ جوڑا جا چکا ہے۔ کئی بار ایسی خبریں بھی سامنے آئیں کہ ماہرہ خان نے خفیہ منگنی کرلی۔ تاہم اداکارہ نے ہمیشہ ان خبروں کو بےبنیاد قرار دیا۔ یہی وجہ ہے کہ مداح ہمیشہ یہ جاننے کے خواہشمند رہے کہ ماہرہ خان آخر کس کے ساتھ اپنی زندگی گزارنے کا فیصلہ کریں گی۔خیال رہے کہ ماہرہ خان نے پہلی شادی 2007 میں علی عکسری سے کی تھی اور ان کا ایک بیٹا اذلان بھی ہے۔ان کی پہلی شادی کامیاب نہیں ہوسکی تھی اور 2015 میں ان دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔ کچھ عرصہ قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ماہرہ نے ترکی میں اپنے ایک دیرینہ کاروباری دوست سے منگنی کرلی ہے۔ تاہم بعد ازاں اداکارہ نے ان خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا اور کہا تھا انہوں نے منگنی نہیں کی بلکہ وہ ترکی ایک دوست کی شادی میں گئی تھیں۔
چند سال قبل اداکارہ کا نام بولی وڈ اداکار رنبیر کپور کے ساتھ بھی جوڑا گیا تاہم اس حوالے سے بھی انہوں نے کوئی بیان جاری نہیں کیا کیونکہ وہ سمجھتی ہیں کہ کبھی کبھی چپ رہنے میں زیادہ طاقت ہوتی ہے۔بالآخر مارچ 2018 میں بی بی سی کے معروف پروگرام ہارڈ ٹاک پر بات کرتے ہوئے ماہرہ نے کہا کہ رنبیر کپور کے ساتھ سگریٹ نوشی کرتے ہوئے بنائی گئیں تصاویر ان کے کیریئر میں پہلا موقع تھا جب ان کو سکینڈل کا سامنا کرنا پڑا۔ ماہرہ نے کہا تھا کہ یہ سب انکے لیے بہت عجیب تھا اور انہیں اس سے بہت تکلیف پہنچی۔ ماہرہ نے کہا تھا کہ ایک طرف میں پاکستان کی وہ شخصیت ہوں جسے ملک میں بے حد پیار ملتا ہے اور دوسری طرف پاکستانی مجھے کچھ ایسا ویسا کرتے دیکھنا پسند نہیں کرتے اور مجھے اس بات کا اندازہ ہی نہیں ہوا۔ میرا سگریٹ پینا ایک قومی ایشو بن گیا اور کافی عرصے تک اس پر بحث ہوتی رہی یہاں تک کہ اس معاملے پر کئی ٹی وی پر پروگرام بھی کیے گئے۔ ماہرہ خان نے عالمی سطح پر خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے خلاف شروع ہونے والی مہم می ٹو کے حوالے سے کہا کہ اگرچہ انہیں آج تک کسی نے ہراساں نہیں کیا گیا، تاہم می ٹو ان کی بھی کہانی ہے۔
ماہرہ خان نے فلمی کیرئر کا آغاز شعیب منصور کی فلم بول سے کیا جس کے بعد ماہرہ نے پاکستان سکرین نیشنل ایوارڈ میں فلموں کی بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے ماہرہ نے شہرت کی بلندیوں کو چھو لیا۔ جون 2017 میں معروف عالمی فیشن میگزین ’ووگ‘ انڈیا کے سرفہرست پر ماہرہ خان کی تصاویر نے پاکستان سمیت بھارت کی فیشن انڈسٹری میں دھوم مچادی۔اسی سال بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی فلم رئیس 100 کروڑ کلب کا حصہ بھی بنی۔تاہم ماہرہ کے بقول بالی وڈ میں کام کرنا کبھی بھی میرا مقصد نہیں تھا حالانکہ وہ تسلیم کرتی ہیں کہ شاہ رخ کے ساتھ کام کرنا ان کی بڑی خواہشات میں شامل تھا۔ڈرامہ سیریل ہم سفر میں خرد کا کردار ادا کرکے شہرت کا عروج حاصل کرنے والی ماہرہ خان کافی عرصے سے ڈرامہ انڈسٹری سے دور ہیں تاہم انہوں نے فواد خان کے ساتھ اپنی نئی فلم نیلوفر کی عکسبندی مکمل کروادی ہے اگر کورونا کی لہر میں کمی ہوئی اور سینما تھیٹرز کھل گئے تو ‘نیلوفر’ کو 2021 کے وسط تک ریلیز کردیا جائے گی۔ اس کے علاوہ تاخیر کا شکار مولا جٹ 2 بھی ان کی بڑی فلم ثابت ہوگی۔
ماہرہ خان کے بقول انکی چند معصوم خواہشیں بھی ہیں۔ وہ ہوا میں اڑنے کے لئے مافوق الفطرت قوت حاصل کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔ ایک انٹرویو میں ماہرہ خان نے اپنی سب سے بڑی خواہش بتاتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ شروع سے ان کے دو ہی سپنے تھے۔ جب وہ 10 سال کی ہوئیں تو ان کی سب سے بڑی خواہش تھی کہ وہ بھی جلد سے جلد شادی کرلیں، کیوںکہ اس وقت ان کے تمام کزنز کی شادیاں ہو رہی تھیں، جس میں وہ بڑے مزے لیتے ہوئے نظر آئے اور انہیں لگا کہ شادی کرنا زندگی کا سب سے بڑا مزا ہے۔ ماہرہ نے اپنی دوسری خواہش بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم میں کام کریں جو بالآخر 2017 میں رئیس کی صورت پوری ہوگئی۔ ماہرہ کا کہنا ہےکہ وہ پرانے گانے سننے کا شوق بھی رکھتی ہیں کیونکہ ان کے نزدیک محمد رفیع کی آواز لازوال ہے۔
ایک طرف جہاں بہت سے مداح ماہرہ کی نئی فلموں کے منتظر ہیں تو وہیں انکے فیننز کی ایک بڑی تعداد ان کی دوسری شادی کے حوالے سے بہت متجسس ہے۔ لیکن نہ جانے ماہرہ کیوں کھل کر نہیں بتاتیں کہ آکر کب وہ پھر سے اپنا گھر بسائیں گی۔ لیکن یہ بھی سچ ہے کہ ماہرہ کچھ ایسی ہی ہیں،،، سب سے ہٹ کر ،،، بہت منفرد بلکہ وہ خود کئی بار تسلیم کرچکی ہیں کہ میں بہت سارے معاملات میں اکثر تذبذب کا شکار ہو جاتی ہوں، شاید اپنی شادی کو لے کر بھی ماہرہ اسی مخمصے کا شکار ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button