ماہرہ خان کی 6 سال بعد ’مہرین‘ بن کر ٹی وی پر واپسی

میزبانی اور ٹی وی اداکاری سے کیریئر شروع کرنے والی ’سپر اسٹار‘ ماہرہ خان تقریبا 6 سال بعد دوبارہ چھوٹی اسکرین پر مداحوں کو محظوظ کرتی دکھائی دیں گی۔
ماہرہ خان آخری بار چھوٹی اسکرین پر 2015 کے مقبول رومانوی ڈرامے ’بن روئے‘ میں دکھائی دی تھیں، جسے 2016 میں فلم کی صورت میں بھی پیش کیا گیا تھا۔
گزشتہ 6 سال میں ماہرہ خان ڈراموں سے دور تھیں، البتہ وہ ٹی وی پر اشتہارات اور ایوارڈز شو میں شرکت کی صورت میں دکھائی دیتی رہی تھیں۔
انسٹاگرام پر ماہرہ خان کے آنے والے ڈرامے کے کردار کی جھلک شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی گئی کہ اداکارہ 6 سال بعد ڈراموں میں واپسی کر رہی ہیں۔
اداکارہ کی ڈرامے کے کردار کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ وہ عمیرہ احمد کے ناول ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ سے ماخوذ اسی نام سے بنائے جانے والے ڈرامے میں دکھائی دیں گی۔
بعد ازاں اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام پر بھی ڈرامے میں اپنے کردار کی تصویر شیئر کی، جسے لوگوں نے کافی سراہا۔
’ہم کہاں کے سچے تھے‘ میں ماہرہ خان کے ساتھ عثمان مختار اور کبریٰ خان بھی مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے۔