مجھے معلوم ہے میشا شفیع تنازع کے پیچھے کون تھا

گلوکار و اداکار علی ظفر نے میشا شفیع والے معاملے پر کہا ہے کہ وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ان کے خلاف یہ تنازع کیوں کھڑا کیا گیا، اس کے پیچھے کون تھا اور کس کس نے ان کے خلاف میشا شفیع کا ساتھ دیا۔ اس تنازع کے بعد جو دوست تھے ان کا بھی معلوم ہوگیا۔
علی ظفر نے ایک انٹرویو کے دوران میشا شفیع کے ساتھ ہوئے تنازع اور اس کے بعد کیریئر میں آنے والی تبدیلی پر کھل کر بات کی۔ جب کہ انہوں نے اپنی کامیاب فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کے سیکوئل اور ایک نئے پروجیکٹ کے حوالے سے بھی کئی انکشافات کیے۔ انٹرویو کے دوران میشا شفیع کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر گلوکار کا کہنا تھا کہ وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ان کے خلاف یہ تنازع کیوں کھڑا کیا گیا، اس کے پیچھے کون تھا اور کس کس نے ان کے خلاف میشا شفیع کا ساتھ دیا۔ علی ظفر کے مطابق وہ تمام ثبوت عدالت میں دے چکے ہیں جب کہ وہ ان دوستوں کے شکر گزار ہیں جو اس مشکل وقت میں بھی ان کا ساتھ دیتے رہے۔علی ظفر نے کہا تھا کہ ‘اس تنازع کے بعد جو دوست تھے ان کا بھی معلوم ہو گیا، لیکن ان کے بارے میں بھی میں اچھی طرح جان گیا جو مجھ سے حسد کرتے تھے، کون میرا دوست تھا اور کون دشمن، ان لوگوں نے اپنے آپ کو خود عیاں کردیا’۔
واضح رہے گزشتہ سال علی ظفر پر گلوکارہ میشا شفیع نے جیمنگ سیشن کے دوران جنسی ہراسگی کا الزام لگاتے ہوئے معاملہ سوشل میڈیا پر اٹھایا تھا، جس کے بعد سے علی ظفر کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جب کہ شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات نے بھی علی ظفر کا ساتھ چھوڑ دیا۔
علی ظفر نے بتایا کہ انہیں اس تنازع کے بعد کیریئر میں کافی مالی نقصان ہوا، لیکن ذاتی زندگی میں بہتری ضرور آئی کیوں کہ وہ اب لوگوں کو پہلے سے بہتر انداز میں سمجھنے لگے ہیں۔
می ٹو مہم کے حوالے سے گلوکار کا کہنا تھا کہ ‘می ٹو مہم کی عزت کرتا ہوں لیکن میں اس کے غلط استعمال کی مذمت بھی کرتا ہوں’۔ انٹرویو کے دوران علی ظفر نے اپنی فلم ‘طیفا ان ٹربل’ 2018 کی کامیابی پر بھی بات کی، اس فلم میں علی ظفر کے ہمراہ مایا علی نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔اس فلم کی کامیابی کے بعد اس کا سیکوئل بنانے کا اعلان بھی کیا گیا تھا، جس کی کاسٹنگ پر کام جاری ہے۔فلم میں مرکزی کردار تو علی ظفر خود ہی نبھائیں گے البتہ ہیروئن کے کردار کےلیے اب تک کسی کو کاسٹ نہیں کیا گیا۔
علی ظفر نے ساتھ ساتھ یہ بھی اعلان کیا کہ وہ ‘طیفا ان ٹربل’ کے سیکوئل کے ساتھ ساتھ ایک ہالی وڈ پروجیکٹ پر بھی کام کررہے ہیں، تاہم ابھی اس کے حوالے سے انہوں نے کچھ اور شیئر کرنے سے گریز کیا۔
