معیشت بچانے کےلیے عمران خان جیسے تجربوں سے ملک کو بچانا ہوگا

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کی سمت کو درست کرنا ہے تو آئندہ عمران خان جیسے تجربوں سے ملک کو بچانا ہوگا۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا دعوی کیا اور اقتدار میں آکر عام آدمی سے روزگار چھین لیا، عمران خان نے پاکستان کے 20 کروڑ عوام کو مہنگائی کے حوالے کرکے اپنے چند سرمایہ دار دوستوں کے لئے معاشی پالیسیاں بنائیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں امیر، امیر سے امیرتر اور غریب، غریب سے غریب تر ہورہے ہیں، عمران خان کی ناکام معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک کا متوسط طبقہ بھی غربت کا شکار ہوچکا ہے، اگر ملکی معیشت کی سمت کو درست کرنا ہے تو آئندہ عمران خان جیسے تجربوں سے ملک کو بچانا ہوگا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ 90 روز میں تبدیلی کا وعدہ کرنے والے عمران خان کا اب اگلی حکومت بنا کر ملکی مسائل حل کرنے کا اعلان قوم کے ساتھ ایک مذاق ہے، عمران خان کے معاشی ترقی کے بڑے بڑے دعوے زمین بوس ہوچکے، عوام اب کسی جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی معاشی پالیسیوں نے ہمیشہ ملک میں عام آدمی کی زندگی کو بہتر کیا، جب تک عوام کے پاس روٹی، کپڑا، مکان اور روزگار نہیں ہوگا تو معاشی ترقی کا کوئی دعوی سچ نہیں ہوسکتا۔
قبل ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت نے سخت شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے قوم کی خودداری کو داؤ پر لگادیا۔ حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ اگر بھارت کورونا وائرس کی وبا کے دوران مہنگائی کو 4.29 فیصد اور بنگلہ دیش 5.54 فیصد تک قابو کرسکتا ہے تو پاکستان میں یہ شرح 10.9 فیصد کیوں ہے، پی ٹی آئی حکومت ملک میں مہنگائی کا الزام آئی ایم ایف پر لگا کر اپنی نااہلی پر پردہ نہیں ڈال سکتی، عمران خان کی حکومت نے سخت شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے قوم کی خوداری کو داؤ پر لگادیا۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سرپرستی میں کام کرنے والی مافیا نے صرف تین ماہ میں مرغی کے گوشت کی قیمتیں 110 فیصد تک بڑھائیں، مرغی کے گوشت کی قیمتیں بڑھا کر پی ٹی آئی اشرافیہ نے اربوں روپے کمالئے اور اب افسوس ناک طور پر قیمتیں کم کرکے اس کا کریڈٹ بھی لیا جائے گا، عوام کی جیبوں میں پیسہ نہیں اور عمران خان بجٹ میں پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو اربوں روپوں سے نوازنے کا منصوبہ بنارہے ہیں، بدترین اقتصادی بحران میں پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو بجٹ میں 96 ارب روپوں سے نوازنے کا عمران خان کا منصوبہ عوام دشمن ہے، وزیراعظم دھاندلی سے منتخب ہونے والے اپنے اراکین اسمبلی پر اربوں روپے لٹانے کے بجائے عوام کی فلاح و بہبود پر خزانے کی رقم خرچ کریں، چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ 11ویں اقتصادی منصوبہ بندی کے اختتام کے بعد سے عمران خان کی حکومت اب تک اپنا پانچ سالہ اقتصادی منصوبہ سامنے نہیں لاسکی ہے، آئی ایم ایف کی ہدایات پر اگر اقتصادی منصوبہ بندی پی ٹی آئی کی پالیسی ہے تو عمران خان عوام کو صاف صاف بتادیں کہ وہ بغیر کسی منصوبہ بندی کے اقتدار میں آئے۔ خیال رہے کہ قبل ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان مہنگائی پر قابو نہ پانے کی ذمہ داری لیں اورگھر جائیں۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ، دنیا بھر کے حکمران اپنے عوام کے فائدے کا سوچتے ہیں اور عمران خان چندہ لینے کی نئی ترکیبوں پر غور کرتے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میڈیکل اسٹورز پر پیسے کم ہونے کی وجہ سے دوا خریدے بغیر واپس جانے والے غریب کی آواز بننا سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہے، ادویات کی قیمتوں میں سو فیصد سے زائد اضافہ عام آدمی سے زندگی کا حق چھین لینے کے مترادف ہے، انھوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس کے ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر عمران خان کو ان والدین کی تکلیف کا کوئی احساس نہیں جو بچوں کے اسکول کی فیس تک ادا نہیں کر پا رہے، وزیراعظم صاحب، ملک میں مہنگائی بلند ترین سطح کو چھورہی ہے، کیا اب ہم تھوڑا سا گھبرالیں؟۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے خاتمے کے دعویدارعمران خان کرائے کے گھر میں رہنے والے عام آدمی کا مہینے کا بجٹ بنا کر دکھا دیں، اس وزیراعظم کے ہوتے کوئی ایک عید ایسی نہیں گزرے گی جس میں مہنگائی کی وجہ سے نئے کپڑے بنانا بھی ایک گھرانے کےلیے آسان ہو، کرپشن کے خلاف مہم کا جھانسہ دے کر عوام کو چینی کے حصول کےلیے لمبی قطار میں کھڑا کردیا گیا ہے، دنیا بھر کے حکمران اپنے عوام کے فائدے کا سوچتے ہیں اور عمران خان چندہ لینے کی نئی ترکیبوں پر غور کرتے ہیں، ان کی تبدیلی یہ ہے کہ اپنے سرمایہ دار دوستوں کو ٹیکسوں میں چھوٹ دے کر عام آدمی کو مہنگائی کے شکنجے میں کس دیا جائے۔

Back to top button