ملک بھر میں عیدالاضحی 21 جولائی کو ہوگی

اسلام آباد: ملک بھر میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، یکم ذی الحج 12 جولائی اور عید الاضحی 21 جولائی بروز بدھ کو ہوگی۔پاکستان میں ذی الحج 1442 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کی مرکزی اور زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے۔ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں چیئرمین مولانا سید عبدالخبیرآزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
آج ملک بھر میں کہیں بھی ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا لہذا یکم ذی الحج 1442 ہجری 12 جولائی بروز سوموار اور عید الضحی 21 جولائی 2021 کو ہو گی۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کے اعلان کے مطابق وزارت نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ pic.twitter.com/ApHxtaQy4m
— Central Ruet-e-Hilal Committee Pakistan (@CentralHilal) July 10, 2021
اجلاس کے بعد انہوں نے چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ملک بھر میں کہیں بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی اس لیے اب یکم ذی الحج 12 جولائی کو ہوگی اسی طرح عید الاضحی 21 جولائی بروز بدھ کو منائی جائے گی۔دریں اثنا پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر کہا ہے کہ پاکستان میں ذی الحج کا چاند آج صبح 6 بج کر18 منٹ پر پیدا ہوچکا ہے تاہم ہفتہ کی شب اس کے نظر آنے کے کوئی امکانات نہیں۔
قبل ازیں ماہرین نے کہا تھا کہ ہفتہ کی شب چاند نظر نہیں آسکتا کیوں کہ چاند دکھائی دینے کے لیے اس کی عمرکم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے جب کہ سورج اور چاند کے غروب ہونے کا درمیانی فرق 40 منٹ سے زیادہ ہونا چاہیے۔