ملک میں کورونا کی بھارتی قسم سے صورتحال خراب ہوئی ہے
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کم ہوتے ہوتے اب واپس بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ انتہائی متعدی بھارتی قسم ہے۔
ملک میں کورونا کی صوررتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’ساری دنیا کے مقابلے میں پاکستان برے حالات سے بچا رہا جس میں قوم کا بہت بڑا کردار ہے‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’ساری دنیا میں پاکستان واحد ملک ہے جس کی دونوں رمضان کے مہینوں میں مسجدیں کھلی رہیں‘۔
ان کا کہناتھا کہ سب سے بڑا مسئلہ وائرس کی بھارتی قسم بنی ہوئی ہے، یہ وہ وائرس ہے جو بھارت سے مختلف شکل اختیار کر کے دنیا بھر میں پھیل رہاہے، اس وقت بنگلہ دیش میں بہت برے حالات ہیں، وہاں گئی ہے، ہندوستان میں ہم سب کو معلوم ہے کہ اس نے کتنی تباہی مچائی ہے۔
ان کا کہناتھا کہ یہ وائرس کی یہ طرز اب افغانستان پہنچ گئی ہے،افغانستان کے ہسپتالوں میں آکسیجن کی کمی ہو گئی ہے اورایک موقع پر ہندوستان کو بھی یہی صورتحال درپیش تھی۔