مویشی منڈی کے بیوپاریوں، عملے کیلئے کرونا ویکسین لازمی قرار

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ مویشی منڈیوں کے پورے عملے اور بیوپاریوں کے لیے ویکسین لگوانا لازمی ہے، یہ ہدایات عید الاضحیٰ کے تناظر میں جاری کی گئیں۔
این سی او سی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انتظامیہ منڈی میں داخل ہونے والے افراد کو ہینڈ سینٹائزرز، ماسک اور رپیڈ اینٹیجن ٹیسٹ کی سہولیات بھی فراہم کرے۔اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مویشی منڈیا اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کی پابندی کے ساتھ شہر سے دور قائم کی جائیں، ساتھ ہی یہ ہدایت بھی کی گئی کہ شہر کے اندر جانوروں کی خرید و فروخت پر پابندی ہوگی۔
ایک علیحدہ بیان میں این سی او سی نے پاکستان میں جاری ویکسینیشن مہم کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور کہا کہ اب تک ملک میں کووِڈ ویکسین کی 16 کروڑ 70 لاکھ خوراکیں لگائی جا چکی ہیں اور جون کے مہینے میں ویکسین کی 8 لاکھ 3 ہزار خوراکیں لگائی گئیں۔بیان میں کہا گیا کہ کورونا وائرس اور ویکسینیشن کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ڈائریکٹر جنرل این سی او سی کی سربراہی میں ٹیم نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا۔
وفد نے گلگت، شگر اور ہنزہ میں ویکسینیشن سینٹر کا جائزہ لیا اور مقامی افراد کو یقین دہانی کروائی کہ این سی او سی نے رجسٹرڈ شہریوں کی مکمل ویکسینشن کا فیصلہ کیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور ویکسینیشن کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے اسپیشل ٹیم بنائی جارہی ہے۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے وزارت صحت نے بھی گائیڈ لائنز جاری کی ہیں اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ عید کے موقع پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کیوں کہ وائرس کی نئی لہر کا خطرہ ہے۔وزارت کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں میں سماجی فاصلے اور احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھا جائے۔وزرات صحت کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ شہری آن لائن خریداری کو ترجیح دیں اور ضلعی انتظامیہ آبادی سے دور مویشی منڈی قائم کرے ساتھ ہی مقامی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ شہری صحیح طرح سے ہر وقت ماسک پہنیں (ناک اور منہ ڈھانپ کر رکھے)۔
علاوہ ازیں حکومت نے جانوروں کے تمام بیوپاریوں اور خریداروں کے لیے ملک میں دستیاب کوئی بھی کورونا ویکسینز لگوانا لازمی قرار دے دیا ہے۔
دوسری جانب ایسے افراد جن کے پاس ویکسینیشن کا ثبوت نہیں ہوگا (پہلی یا دوسری خوراک کا) انہیں مارکیٹ میں کاروبار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ہدایات کے مطابق جانوروں کے بیوپاری اور خریداروں کو 2 میٹر کا فاصلہ یقینی بنانا ہوگا، جانوروں کو چھونے کے لیے دستانوں کا استعمال کرنا ہوگا۔مزید برآں وہ خریدار، جن میں کھانسی، گلے میں خراش یا بخار کی علامات پائی گئیں، انہیں منڈی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے افراد سے فاصلہ اختیار کرنا لازمی ہوگا۔

Back to top button