نئے پاکستان میں یاسمین راشد نے اپنی بیٹی کو کیسے نوازا؟

کپتان کے نئے پاکستان میں اپنے ہی گھر والوں کو نوازنے کا ایک بڑا سکینڈل سامنے آگیا ہے۔ لاہور کی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں وزیراعظم عمران خان کی قریبی ساتھی اور پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی بیٹی کو بھرتی کرنے کیلئے ایک نیا شعبہ قائم کیا گیا، وزیرصحت کی بیٹی کو براہ راست گریڈ 19 میں اسسٹنٹ پروفیسر فیٹل میڈیسن بھرتی کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کی بیٹی ڈاکٹر عائشہ کیلئے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج میں فیٹل میڈیسن کا شعبہ قائم کرکے ڈاکٹر عائشہ علی کو براہ راست گریڈ 19 میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر فیٹل میڈیسن بھرتی کیاگیا اور گریڈ 19 میں کنٹریکٹ کی بجائے مستقل بنیادوں بھرتی کیا گیا، سونے پر سہاگہ یہ کہ بھرتی ہونے کے فوری بعد جوائنٹ رپورٹ دے کر وزیر صحت کی صاحبزادی تنخواہ سمیت چھٹی لے کر لندن چلی گئی ہیں۔
محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق اس سے پہلے ڈاکٹر عائشہ کو فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں بھی اسسٹنٹ پروفیسر فیٹل میڈیسن بھرتی کیا گیا تھا اور وہاں بھی یہ شعبہ صرف اس خاتون کے لیے قائم کیا گیا تھا۔
تاہم میرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عائشہ علی کو بھرتی کرنے پر دیگر امیدواروں کے احتجاج کے بعد وزیر صحت کی بیٹی کی بھرتی کا نوٹیفکیشن آخری لمحات پر روک لیا گیا تھا۔ تاہم فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں میرٹ کے برخلاف نوکری حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد اب وزیر صحت کی بیٹی کو لاہور کی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں بھرتی کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب اس خبر پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان اظہر مشہوانی کا کہنا ہے کہ حقائق یہ ہیں کہ پنجاب کی دو میڈیکل یونیورسٹیوں KEMU اور FJMU نے گائنی کے شعبے میں چار چار نئی specialties کا اضافہ کیا اور وہاں پر ہائرنگ ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی بیٹی کو نہ تو کوئی خصوصی رعایت دی گئی ہے اور نہ یہ کوئی خصوصی ہائرنگ ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ماں بچے کی صحت کے بہت بڑے منصوبے پر کام کر ہو رہا ہے جس کے تحت پنجاب میں سات نئے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اور نرسنگ کالجز بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی بیٹی عائشہ فیٹل میڈیشن کی بہت اچھی سپیشلسٹ ہیں اور انگلینڈ میں پریکٹس کر رہی ہیں۔ وہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج میں ان 8 پوزیشنز میں سے ایک پر میرٹ پر اسسٹنٹ پروفیسر سیلیکٹ ہوئیں اور انگلینڈ سے اپنی نوکری چھوڑ کر پاکستان آ رہی ہیں، وزیر اعلی پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ ڈاکٹر عائشہ نے چار ہفتے کی چھٹی لی ہے تاکہ وہ انگلینڈ میں اپنے معاملات کو سمیٹ سکیں جس کے بعد وہ مکمل طور پر کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کو جوائن کریں گی۔